18 فروری ، 2022
اسلام آباد: انسداد دہشتگردی کی عدالت نے محسن بیگ کے جسمانی ریمانڈ میں تین دن کی توسیع کردی۔
انسداد دہشتگردی کی عدالت میں دلائل دیتے ہوئے لطیف کھوسہ نے کہا کہ پکڑنا ہے تو ریحام خان کو پکڑیں، عمران خان کی سابقہ بیوی نے الزام لگایا، محسن بیگ کوکیا معلوم درست ہے یا غلط۔
لطیف کھوسہ کا کہنا تھا کہ ٹاک شو میں سوال کیا گیا کہ مراد سعید کو پہلا نمبر کیسے ملا؟ محسن بیگ نے کہا انہیں نہیں پتا کہ وزیر نمبر ون کیسے بنا، ریحام خان نے اپنی کتاب میں کچھ لکھا ہے شاید اس وجہ سے ملا ہو۔
لطیف کھوسہ نے محسن بیگ کی رہائی کی استدعا کی اور کہا کہ مدعی مقدمہ خود اپنا جلوس نکال رہے ہیں کہ ریحام خان کی کتاب کا صفحہ نمبر 273 لازمی پڑھا جائے، دیگر پینلسٹ نے بھی مراد سعید کو پہلا نمبر ملنے پر بات کی، کسی اور کو گرفتار نہیں کیا گیا۔
محسن بیگ کے وکیل کا کہنا تھا کہ 9 بجے لاہور میں ایف آئی اے کا مقدمہ درج ہوا اور سوا 9 بجے اسلام آباد میں محسن بیگ کے گھرپہنچ گئے، ایف آئی اے کی اس طرح کی پھرتیاں پہلے بھی کبھی دیکھی ہیں؟
دورانِ سماعت محسن بیگ کے ہاتھ میں پستول والی تصویریں عدالت میں پیش کی گئیں۔
بعد ازاں عدالت نے محسن بیگ کے جسمانی ریمانڈ میں 3 دن کی توسیع کردی اور گرفتار 2 ملازمین کو جوڈیشل ریمانڈ پرجیل بھیج دیا۔