پاکستان
Time 19 فروری ، 2022

اطہر متین قتل: ایسے واقعات کی وجہ معاشی بدحالی بھی ہے: سعید غنی

یقین دلاتا ہوں کہ اطہر متین کے قاتل پکڑے جائیں گے: وزیر اطلاعات سندھ۔ فوٹو: فائل
یقین دلاتا ہوں کہ اطہر متین کے قاتل پکڑے جائیں گے: وزیر اطلاعات سندھ۔ فوٹو: فائل

کراچی: وزیر اطلاعات سندھ سعید غنی کا کہنا ہے کہ صحافی اطہر متین کے قتل کا بہت افسوس ہے لیکن ایسے حالات کے پیچھے ایک وجہ معاشی بدحالہ بھی ہے۔

کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سعید غنی کا کہنا تھا کہ اس میں کوئی دو رائے نہیں کہ امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنا صوبائی حکومت کی ذمہ داری ہے۔

گزشتہ روز ڈکیتی کے دوران قتل ہونے والے صحافی اطہر متین کے قتل پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے سعید غنی کا کہنا تھا کہ پیسے دینا کوئی نعم وبدل نہیں ہے۔

ان کا کہنا تھا بدقسمتی کی بات ہے کہ کراچی میں ایسے واقعات تیزی سے ہو رہے ہیں، پولیس کام کر رہی ہے مگر ناکام ہے، ایسے واقعے کے قصور وار ہم ہر گز نہیں ہیں۔

صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ اطہر متین قتل کی تحقیقات میں پولیس درست ڈائریکشن میں جا رہی ہے، یقین دلاتا ہوں کہ اطہر متین کے قاتل پکڑے جائیں گے، بہت بڑا نیٹ ورک اب پکڑا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ ایسے واقعات محض سندھ میں نہیں پورے پاکستان میں ہو رہے ہیں، معاشی بدحالی بھی ایسے واقعات کی بڑی وجہ ہے جبکہ منشیات کے عادی افراد بھی طلب پوری کرنے کے لیے ایسے اقدامات اٹھاتے ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں سعید غنی کا کہنا تھا کہ رینجرز کی تعداد سندھ میں کم ہے، پولیس کو اختیارات دینے کی ضرورت ہے لیکن پولیس کی ٹرانسفر اور پوسٹنگ میں وزیراعلیٰ یا صوبائی حکومت کا کوئی عمل دخل نہیں ہیں، وزیراعلیٰ صرف ایس پی لیول تک مشاورت کے بعد پوسٹنگ کرتے ہیں۔

مزید خبریں :