19 فروری ، 2022
کراچی کی مقامی عدالت نے انسٹاگرام کی دوستی پر شوہر کو قتل کرنے والی ملزمہ اور آشنا کو 4 روزہ ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔
پولیس کے مطابق یوشاہ کو قتل کرنے والی آرین جنت اور آشنا سلمان کو آج عدالت میں پیش کیا گیا جہاں تفتیشی افسر نے دونوں ملزمان کا ریمانڈ مانگا۔
مقامی عدالت نے ملزمہ آرین جنت اور آشنا سلمان کو 23 فروری تک کے ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کیا۔
نوجوان یوشاہ کو اہلیہ آرین جنت نے جوس میں آشنا کا بھیجا گیا زہر پلا کر قتل کیا تھا۔
پولیس کے مطابق ملزمہ کی لاہور ملزم سلمان سے انسٹا گرام پر دوستی ہوئی جو محبت میں بدل گئی تھی، ملزم نے لاہور سے بذریعہ کوریئر سروس چاکلیٹ اور ایک عدد لیڈیز سینڈل ملزمہ کو کراچی بھجوائی، ملزم نے محبوبہ کو گفٹ کیے گئے سینڈل کی ہیل کے اندر زہر چھپا کر بھیجا۔
ملزمہ کے بیان کے مطابق وقوعہ کے روز متوفی یوشاہ کی بیوی چالاکی سے اپنے شوہر کو فریش جوس پلانے گلشن اقبال میں واقع جوس سینٹر لے گئی اور دھوکے سے اس کے جوس میں آشنا کا بھیجا گیا زہر ملا دیا جس سے اس کی موت واقع ہوگئی۔