23 فروری ، 2022
کراچی پولیس نے مجرمانہ سرگرمیوں میں ملوث افراد کی ای ٹیگنگ کی سفارش کردی۔
اسٹریٹ کرمنلز، گاڑیاں چھیننے والے، گھروں اور بینکوں میں ڈکیتیاں کرنے والے اب پولیس سے نہیں بچ پائیں گے۔
پولیس نے مجرمانہ سرگرمیوں میں ملوث افراد کی ای ٹیگنگ کی سفارش کی ہے اور ای ٹیگنگ والے ملزمان کی مانیٹرنگ کے لیے ڈی آئی جی سی آئی اے فوکل پرسن ہوں گے جب کہ ایسے ملزمان کی مانیٹرنگ کا کنٹرول روم بھی سی آئی اے کے ماتحت ہوگا۔
پولیس کی جانب سفارش کی گئی ہے کہ ای ٹیگنگ تھرڈ پارٹی کے ذریعے عمل میں لائی جائے گی اور خلاف ورزی پر ایس پی انویسٹی گیشن قانونی کارروائی کرسکیں گے، ای ٹیگنگ کے لیے ریڈیو فریکوئنسی اور جی پی ایس ٹیکنالوجی استعمال کی جاسکتی ہے، جی پی ایس ٹیکنالوجی کے لیے کسی بھی وقت ملزم کی موجودگی کا پتا لگا کر ٹریک ریکارڈ بھی رکھا جاسکے گا۔
ایڈیشنل آئی جی کراچی غلام نبی میمن کا کہنا ہےکہ ملزمان کی مانیٹرنگ کے لیے ای ٹیگنگ اب ناگزیر ہوگئی ہے، ای ٹیگنگ سے عدالت سے مفرور ملزمان کا سراغ لگانے میں بھی مدد ملے گی، ای ٹیگنگ کے بعد انہی ملزمان کی جانب سے دوبارہ جرائم کا سراغ لگانا آسان ہوگا۔
ایڈیشنل آئی جی کا کہنا تھا کہ مخصوص حدود سے بغیر اجازت باہر جانا اور ای ٹیگ اتارنا خلاف ورزی میں شمار ہوگا اور خلاف ورزی کرنے والے ملزمان کو دوبارہ گرفتاری پر ضمانت نہ دینے کی تجویز ہے۔
غلام نبی میمن نے مزید کہا کہ ای ٹیگنگ سے چھوٹے جرائم میں قید ملزمان کی رہائی سے جیلوں پر بھی دباؤ کم ہوگا۔
کراچی پولیس کی ان سفارشات کو محکمہ قانون حتمی شکل دے گا اور اسے کابینہ اجلاس میں جلد پیش کیا جائیگا۔