28 فروری ، 2022
لاہور قلندرز ملتان سلطانز کو شکست دے کر پہلی بار پاکستان سپر لیگ( پی ایس ایل) کی چیمپئن بن گئی ہے تاہم سلطانز کے کپتان رضوان کا نام ٹوئٹر پر ٹرینڈ کررہا ہے۔
صارفین کی جانب سے شکست کے باوجود رضوان کی خوش اخلاقی، خوش مزاجی اور 'اسپورٹس مین اسپرٹ' کو سراہا جارہا ہے۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیوز میں دیکھا جاسکتا ہے کہ میچ ختم ہونے کے بعد رضوان نے خوش اخلاقی سے مسکراتے ہوئے ہاتھ ہلا کر لاہور قلندرز کے کپتان کو مبارک باد دی اور پھر قریب جاکر گرمجوشی سے گلے لگ گئے۔
سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے رضوان کی خوب تعریف کی جارہی ہے اور ان کا کہنا ہے کہ فائنل میں ہار کے باوجود رضوان نے دل جیت لیے۔
ایک صارف نے رضوان اور شاہین کے گلے ملنے کی تصویر کو 'پکچر آف دا ڈے' قرار دیا ہے۔
پاکستان کے علاوہ بھارتی صارفین نے بھی رضوان کی اسپورٹس مین اسپرٹ کو سراہا ہے۔