05 مارچ ، 2022
افغانستان کے وزیر داخلہ اور حقانی نیٹ ورک کے سربراہ سراج الدین حقانی پہلی بار منظر عام پر آ گئے۔
سراج الدین حقانی کی آج سے پہلے کئی سالوں سے صرف ایک ہی تصویر سوشل میڈیا پر زیر گردش تھی جس میں بھی ان کا چہرہ واضح طور پر نظر نہیں آ رہا تھا۔
تاہم اب امارت اسلامی افغانستان کے ڈپٹی وزیراعظم ملا عبدالغنی برادر کے پرسنل سیکرٹری عبداللہ عظام کی جانب سے سوشل میڈیا پر افغان وزیر داخلہ سراج الدین حقانی کی واضح تصاویر شیئر کی گئی ہیں۔
عبداللہ عظام کی جانب سے سوشل میڈیا پر تصاویر کے ساتھ لکھا گیا کہ خلیفہ سراج الدین حقانی پہلی مرتبہ میڈیا پر منظر عام پر آ گئے۔
انہوں نے سراج الدین حقانی کی ایک تقریب میں شرکت کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے مزید لکھا کہ یہ وہ شخصیت ہیں جنہوں نے نیٹو (مغربی ممالک کا فوجی اتحاد) اور اس کے اتحادیوں کو برسوں تک پریشان کیے رکھا۔
یاد رہے کہ سراج الدین حقانی اقوامِ متحدہ کی جانب سے جاری کردہ دہشت گردوں کی بلیک لسٹ میں موجود ہیں اور امریکی محکمہ خارجہ کی جانب سے ان کے بارے میں معلومات دینے پر پہلے 50 لاکھ ڈالر جبکہ بعد میں ایک کروڑ ڈالر انعام کا اعلان کیا گیا تھا۔