16 فروری ، 2012
لاہور … پاکستان ہاکی ٹیم کے کھلاڑیوں کو 3 ماہ سے سینٹرل کنٹریکٹ کے پیسے نہیں ملے، کھلاڑیوں نے متنازع انڈین لیگ کھیلنے کیلئے بھارت کے ویزے کیلئے پاسپورٹ سفارتخانے میں جمع کرادیئے۔ ایسا کنٹریکٹ کس کام کا جس میں پیسے ہی نہ ملیں ”یہ شکوہ ہے ہاکی ٹیم کے کھلاڑیوں کا “ ایشین گیمز کی انعامی رقم کے پورے پیسے ملے نہیں کہ سینٹرل کنٹریکٹ کے بھی لالے پڑگئے۔ فیڈریشن نے آسٹریلیا میں ٹورنامنٹ جیتنے پر اعلان کردہ رقم تو دے دی، لیکن تین ماہ گزرگئے ہاکی کھلاڑی ماہانہ تنخواہ سے بھی محروم ہیں اور پیسے نہ ملنے پر مایوسی ہے یا مستقل ملازمتوں کے حصول میں ناکامی ، کھلاڑیوں نے 29فروری سے بھارت میں ہونیوالی ورلڈہاکی سیریز پرنگاہیں جمالیں۔بعض کھلاڑیوں نے بھارت کے ویزے کی درخواست بھی دے دی ہے۔ لیگ کو انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن کی منظوری تو حاصل نہیں، لیکن پیسے کی چمک دمک کے باعث کھلاڑیوں کی جانب سے پذیرائی ضرور مل رہی ہے۔