16 مارچ ، 2022
کراچی: اورنگی ٹاؤن میں جواں سالہ لڑکی کو چھیپا ایمبولینس نے ٹکر ماردی جس کے نتیجے میں لڑکی کی دونوں ٹانگیں ٹوٹ گئیں ۔
حادثے کی فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ سڑک عبور کرنے کی کوشش کرتی ہوئی لڑکی کو تیز رفتار چھیپا ایمبولینس نے برے طریقے سے ٹکر ماری جس کے بعد ایمبولینس لڑکی کو 30 فٹ تک گھسیٹتے ہوئے لے گئی۔
حادثہ اورنگی ٹاؤن کے علاقے خیر آباد میں پیش آیاجس کے بعد ڈرائیور نعمان نے اسی ایمبولینس میں لڑکی کو اسپتال پہنچایا۔
حادثے کے ذمے دار ایمبولینس ڈرائیور نعمان نے عباسی شہید اسپتال کے ڈاکٹرز کو بیان دیا کہ لڑکی کو تیز رفتار منی بس کچل کر فرار ہوئی۔
چھاپے میں ایمبولینس برآمد، ڈرائیور فرار
دوسری جانب پاکستان بازار پولیس نے چھاپہ مار کر ایمبولینس برآمد کرلی جب کہ ڈرائیور فرار ہوگیا۔
حادثے کا شکار ہونے والی لڑکی کے اہلِ خانہ نے سوشل میڈیا پر مدد کی اپیل کی ہے۔