16 مارچ ، 2022
مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف، سربراہ پی ڈی ایم مولانا فضل الرحمان اور ایم کیو ایم (پاکستان) کے درمیان پارلیمنٹ لاجز میں ملاقات ہوئی جس میں تحریک عدم اعتماد پر ابتدائی مشاورت کا عمل مکمل کرلیا گیا۔
ترجمان ایم کیو ایم کے مطابق ڈاکٹر خالد مقبول کی رہائش گاہ پر ہونے والی ملاقات ایک گھنٹے سے زائد جاری رہی، ملاقات میں شہباز شریف، مولانا فضل الرحمان، شاہد خاقان عباسی ، عبدالغفور حیدری، عامر خان، امین الحق، خواجہ اظہار الحسن، جاوید حنیف، صادق افتخار اور سنجے پروانی شامل تھے۔
ترجمان کا کہنا ہےکہ ملاقات میں سیاسی صورت حال پر گفتگو اور مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق ایم کیو ایم نے بعض مطالبات ماننےکی صورت میں اپوزیشن کا ساتھ دینے کا عندیہ دے دیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہےکہ ایم کیو ایم پاکستان سے حتمی مذاکرات آج رات دوبارہ ہو ں گے، یہ حتمی مذاکرات مولانا فضل الرحمان کی رہائش گاہ پر ہوں گے۔
ذرائع نے بتایا ہےکہ مذاکرات میں شرکت کے لیے آصف زرداری کو بھی دعوت دے دی گئی ہے، مولانا فضل الرحمان کےگھر شہباز شریف اور آصف زرداری ایم کیو ایم وفد سے ملیں گے۔
حتمی مذاکرات میں آصف زرداری کی جانب سے ایم کیو ایم کے مطالبات پر یقین دہانیاں متوقع ہیں۔