19 مارچ ، 2022
وفاقی وزارت داخلہ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے کارکنوں کے سندھ ہاؤس پر دھاوے کے معاملے کی اعلیٰ سطحی انکوائری کا حکم دے دیا۔
ذرائع کے مطابق انکوائری کمیٹی کی سربراہی ڈی آئی جی آپریشنز اویس احمد کریں گے، وزارت داخلہ کی کمیٹی کو 3 روز میں انکوائری رپورٹ جمع کرانےکی ہدایت کی گئی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہےکہ وزارت داخلہ نے حکم دیا ہےکہ ان سب باتوں کی انکوائری کی جائےکہ وزرا کی کال کے بغیر کارکنان کیسے پہنچے؟ سندھ ہاؤس کے باہر انصاف اسٹوڈنٹس فیڈریشن کا احتجاج منتشر کیا تو کارکنان دوبارہ کیسے پہنچے؟ ہائی سکیورٹی زون میں دو مرتبہ کارکنان کے پہنچنے پر پولیس کہاں تھی؟ اور پولیس نے کسی بھی جگہ کارکنان کو سندھ ہاؤس پہنچنے پر روکا کیوں نہیں، جب کہ پولیس نے جے یو آئی کارکنان کو روک لیا توپی ٹی آئی کارکنان کو کیوں نہ روکا گیا؟
خیال رہے کہ گزشتہ روز وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں پی ٹی آئی کے کارکنوں نے سندھ ہاؤس پر دھاوا بولا تھا، کارکنوں نے سندھ ہاؤس کے دروازے پر لاتیں مار کر اسے توڑ ڈالا تھا اور احاطے میں داخل ہوگئے تھے۔
بعد ازاں وزیر داخلہ کی ہدایت پر پولیس نے تحریک انصاف کے دو ارکان قومی اسمبلی سمیت 10 سے زائد افراد کو گرفتار کرلیا تھا۔
گذشتہ روز پولیس نے 13 پی ٹی آئی کارکنوں کے خلاف ایف آئی آر درج کی تھی جس میں دونوں ایم این ایز کے نام شامل نہیں کیے تھے۔