29 مارچ ، 2022
پیپلز پارٹی کے رکن قومی اسمبلی جام عبدالکریم کل صبح دبئی سے اسلام آباد پہنچیں گے۔
ناظم جوکھیو قتل کیس میں نامزد پیپلز پارٹی کے رکن قومی اسمبلی جام عبدالکریم کل پاکستان پہنچیں گے، ائیرلائن ذرائع کے مطابق جام عبدالکریم نے کل 30 مارچ کی امارات ائیرلائن کی پرواز میں ٹکٹ بک کرالی ہے۔
جام عبدالکریم کریم پرواز EK-612 سے صبح سات بجے اسلام آباد ائیرپورٹ لینڈ کریں گے، جام عبدالکریم نے آج آنا تھا تاہم قانونی معاملات کے باعث آج 29 مارچ کو پاکستان سفر سے اجتناب کیا۔
جام عبدالکریم نے ناظم جوکھیو قتل کیس میں سندھ ہائی کورٹ سے تین اپریل تک حفاظتی ضمانت حاصل کر رکھی ہے۔
ادھر سندھ ہائی کورٹ نے جام عبدالکریم کی حفاظتی ضمانت میں توسیع کی درخواست ناقابل سماعت قرار دیتے ہوئے مسترد کردی۔
آج درخواست کی سماعت پر عدالت کا کہنا تھا تین اپریل تک حفاظتی ضمانت منظوری کا فیصلہ تاحال برقرار ہے، فیصلے کی موجودگی تک درخواست گزار کے خلاف کسی بھی حکومتی اقدام کی کوئی قانونی حثیت نہیں ہوگی۔
واضح رہےکہ جام عبدالکریم نے نام ای سی ایل میں ڈالنے اور گرفتاری سے متعلق خبروں پر حفاظتی ضمانت میں توسیع کے لیے سندھ ہائی کورٹ سے رجوع کیا تھا۔
دوسری جانب وفاقی کابینہ نے ناظم جوکھیو قتل کیس میں پیپلزپارٹی کے رکن قومی اسمبلی جام عبدالکریم سمیت تمام ملزمان کے نام ای سی ایل میں ڈالنے کی منظوری دے دی ہے۔
خیال رہے کہ وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے پیپلزپارٹی کے رکن قومی اسمبلی جام عبدالکریم کی پاکستان آمد پر انہیں گرفتار کرنے کا اعلان کیا ہے۔