01 اپریل ، 2022
آسکر ایوارڈ کی تقریب کے پروڈیوسر ول پیکر نے انکشاف کیا ہے کہ کامیڈین کرس راک کو تھپڑ مارنے کے بعد پولیس اداکار ول اسمتھ کو گرفتار کرنے کے لیے تیار تھی لیکن کرس نے منع کردیا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کی ایک رپورٹ کے مطابق پروڈیوسر ول پیکر حال ہی میں ایک پروگرام میں شریک ہوئے جہاں انہوں نے ول اسمتھ کے کرس راک کو تھپڑ مارے جانے کے معاملے پر بات کی۔
انہوں نے بتایا کہ اگر کرس راک لاس اینجلس کی پولیس کو نہ روکتے تو وہ ول اسمتھ کو گرفتار کرنے کو تیار تھی۔
ول پیکر کےمطابق پولیس نے کہا تھا کہ یہ ایک جرم ہے، آپ کہیں تو ول اسمتھ پر مقدمہ بنایا جاسکتا ہے لیکن کرس راک نے پولیس کو یہ کہہ کر بات ختم کردی کہ میں ٹھیک ہوں اور ول اسمتھ کو اس مقام تک میں ہی لے کر گیا کہ انہوں نے ہاتھ اٹھایا لہٰذا معاملہ رفع دفع کیا جائے‘۔
خیال رہے کہ آسکر کی تقریب کے دوران اداکار کرس راک ایوارڈ دینےاسٹیج پرآئے تھے جس دوران بات کرتے ہوئے انہوں نے ول اسمتھ کی بیوی جاڈا پنکٹ اسمتھ کے سر کے بال جھڑ جانے پرمذاق اڑایا تھا۔
کرس کے مذاق پر اسمتھ اسٹیج پر آئے اورکرس راک کو منہ پر زور دارتھپڑ مار کر چلتے بنے جب کہ تھپڑ کھا کر کرس مسلسل جگت بازی میں لگے رہے لیکن اسمتھ اپنی نشست پر بیٹھ کر انہیں برا بھلا کہتے رہے۔