07 اپریل ، 2022
لاہور: متحدہ اپوزیشن نے موجودہ سیاسی صورت حال پر پاکستان تحریک انصاف کو سخت ردعمل دینے پر غور شروع کر دیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ متحدہ اپوزیشن نے عدالتی فیصلے کے انتظار کے بجائے سڑکوں پر آنے پر مشاورت شروع کر دی ہے اور اس حوالے سے آصف زرداری، شہباز شریف اور مولانا فضل الرحمان سمیت دیگر اپوزیشن رہنماؤں میں مشاورت ہوئی ہے۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ آصف زرداری نے مرحلہ وار حکومت مخالف تحریک شروع کرنے کی تجویز پیش کرتے ہوئے کہا کہ پہلے مرحلے میں صوبائی سطح پر عوامی احتجاج کیا جائے۔
ذرائع کے مطابق آصف زرداری نے دوسرے مرحلے میں عوام کو اسلام آباد اکٹھا کرنے کی تجویز دی۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ سابق صدر کی تجاویز پر متحدہ اپوزیشن رہنماؤں نے بھی اتفاق کیا اور موجودہ صورت حال کے پیش نظر متحدہ اپوزیشن کا گرینڈ اجلاس طلب کرنےکا بھی فیصلہ کیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ متحدہ اپوزیشن کا گرینڈ اجلاس رواں ہفتے ہی طلب کیے جانے کا امکان ہے، گرینڈ اجلاس سے مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف بھی خطاب کریں گے۔