Time 10 اپریل ، 2022
پاکستان

شیخ رشید کا عمران خان کی حمایت میں جیل بھرو تحریک شروع کرنے کا اعلان

اگر اس امپورٹڈ حکومت کو ختم نہ کیا تو میرا نام شہبازشریف رکھ دینا، سابق وزیر داخلہ— فوٹو: فائل
اگر اس امپورٹڈ حکومت کو ختم نہ کیا تو میرا نام شہبازشریف رکھ دینا، سابق وزیر داخلہ— فوٹو: فائل

سابق وزیرداخلہ و عوام مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے سابق وزیراعظم و چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی حمایت میں جیل بھرو تحریک کا اعلان کردیا۔

راولپنڈی میں لال حویلی پر جلسے سے خطاب میں شیخ رشید کا کہنا تھاکہ عمران خان کے ساتھ کھڑے ہونے والے لوگوں کو سلام پیش کرتا ہوں۔

ان کا کہنا تھاکہ جس نے فائلیں بدلی ہیں وہ کل ملک کا وزیراعظم بننے جارہا ہے، میں نے عمران خان سے کہا تھا اسمبلی توڑ دو، ایمرجنسی لگا دو، آج عمران خان سے کہا ہے اسمبلیوں سے استعفے دے دو۔

انہوں نے اعلان کیا کہ میں عمران خان کی حمایت میں جیل بھرو تحریک کا اعلان کرتا ہوں۔

سابق وزیر نے شرکا سے عہد لیا کہ آج رمضان میں مجھ سے عہد کرو جیل بھرو تحریک شروع کرینگے۔

شیخ رشید کا کہنا تھاکہ ملک میں خانہ جنگی کے حالات پیدا ہوچکے ہیں، اس طرح ملک نہیں چل سکتا، اگر اس امپورٹڈ حکومت کو ختم نہ کیا تو میرا نام شہبازشریف رکھ دینا۔

خیال رہے کہ گزشتہ شب قومی اسمبلی میں وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کامیاب ہوگئی جس کے بعد وہ اب ملک کے وزیراعظم نہیں رہے اور ساتھ ہی عدم اعتماد کے ذریعے ہٹائے جانے والے ملک کے پہلے وزیراعظم بن گئے۔

پاکستان تحریک انصاف نے اسمبلیوں سے مستعفی ہونے کا اعلان کیا ہے اور پہلے مرحلے میں قومی اسمبلی سے استعفے دیے جائیں گے۔

مزید خبریں :