Time 03 دسمبر ، 2024
پاکستان

بی بی اور سوری جیسے لوگوں نے عمران خان کو پاگل قرار دینے تک کی سازش کی ہے: فیصل واوڈا

سابق وفاقی وزیر سینیٹر فیصل واوڈا کا کہنا ہے کہ  بشریٰ بی بی اور قاسم سوری جیسے لوگوں نے عمران خان کو  پاگل قرار دینے سے مارنے تک کی سازش کی ہے۔

جیو نیوز کے پروگرام کیپیٹل ٹاک میں گفتگو کرتے ہوئےفیصل واوڈا  نےکہا کہ  عمران خان کا ایکس اکاؤنٹ منظم  پراپیگنڈے کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے، وہ اپنا ایکس ہینڈل خود نہیں چلارہے۔

فیصل واوڈا نےکہا کہ  بی بی، حواری  اور  قاسم سوری جیسے لوگوں نے خان کو پاگل قرار دینے سے مارنے تک کی سازش کی ہے، یہ سب مل کر بانی پی ٹی آئی کو اس دلدل میں لے جا رہے ہیں جہاں سے واپسی نہ ہو۔گزشتہ روز اسٹیبلشمنٹ کے خلاف جان بوجھ کر گھٹیا ٹوئٹ آگ لگانے کے لیے لکھی گئی، یہ گھٹیا ٹوئٹ بانی پی ٹی آئی نے نہیں باہر بیٹھے سازشیوں نے لکھی۔

سابق وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کی اہلیہ اورگنڈا پورجیل میں ان سےملنے نہیں گئے۔ بشریٰ بی بی کی وجہ سےبانی پی ٹی آئی جیل میں ہیں۔ بشریٰ بی بی ڈی چوک سے بھاگ گئیں۔ یہ منظم سازش کےتحت بانی پی ٹی آئی کوپاگل خانے پہنچائیں گے۔

فیصل واوڈا نے کہاکہ  بانی پی ٹی آئی نے اچھا اور مثبت فیصلہ کیا کہ سڑکوں کے بجائے اسمبلیوں کا رخ کیا جائے اور حکومت سے بات کی جائے، بانی پی ٹی آئی کے ایکس اکاؤنٹ کو وقتی طور پر نظر انداز کریں ورنہ نقصان زیادہ ہوگا، بانی پی ٹی آئی کا ایکس اکاؤنٹ منظم پراپیگنڈے کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ  بلاول بھٹو بے داغ سیاست دان ہیں، بلاول بھٹو نے جمہوریت کے لیے خون دیا ہے۔ ن لیگ نے نیب پر حملہ کیا وہ بھی نہ بھولیں۔ سب بند گلی میں آگئے ہیں، سیاسی درجہ حرارت کو مزید کم کریں، ظلم و بربریت نہ کریں، اگر فائرنگ سے ایک بھی شخص مرا ہےتو یہ کس کی حماقت ہے؟ جب لاشیں گرانےکا سودا ہوتا تو اپنے ہی مار دیے جاتے ہیں۔صوبائیت کا کھیل پاکستان برداشت نہیں کرسکتا، ریاست نہ کسی کےساتھ ہے اور نہ کسی کے خلاف، پی ٹی آئی کام تو دہشت گردوں والا ہی کرجاتی ہے۔

مزید خبریں :