Time 16 اپریل ، 2022
پاکستان

پاکستان کا مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں تازہ ترین صورتحال پرشدید تشویش کا اظہار

پاکستان نے مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں تازہ ترین صورتحال پرشدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔—فوٹو: فائل
پاکستان نے مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں تازہ ترین صورتحال پرشدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔—فوٹو: فائل

پاکستان نے مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں تازہ ترین صورتحال پرشدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کے بیان کے مطابق گزشتہ روز مسجد اقصیٰ پر اسرائیلی فوج کے حملے میں 152 افراد زخمی ہوئے جبکہ 300 سے زائد فلسطینیوں کو حراست میں لیا گیا۔

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فوج کا رمضان میں نمازیوں پر یہ  انتہائی قابل مذمت حملہ ہے اور یہ  انسانی اقدار اور انسانی حقوق کے قوانین کی صریح خلاف ورزی ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ فلسطینی علاقوں میں اسرائیلی فوج کے تشدد میں اضافہ افسوسناک ہے ، عالمی برادری بے گناہ فلسطینیوں کی جانوں کے تحفظ کیلئے فوری اقدامات کرے۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ عالمی برادری بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ کے چارٹر کے اصولوں کو برقرار رکھے جبکہ پاکستان فلسطینی کاز کیلئے اپنی مستقل اور دو ٹوک حمایت کا اعادہ کرتا ہے۔

دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ ہم فلسطینی عوام کے لیے دو ریاستی حل کی حمایت کرتے ہیں۔

یاد رہے کہ مقبوضہ بیت المقدس میں اسرائیلی فورسز نے جعمہ کی صبح مسجد اقصیٰ پر اچانک دھاوا بولتے ہوئے کمپاؤنڈ میں موجود نمازیوں پر آنسو گیس کی شیلنگ کی اور ان پر ربڑ کی گولیاں بھی برسائیں۔

فلسطینی ریڈ کریسنٹ سروس کے مطابق مسجد اقصیٰ کے کمپاؤنڈ میں اسرائیلی فورسز کی بربریت کے باعث 152 فلسطینی زخمی ہو ئے۔

مزید خبریں :