Time 17 اپریل ، 2022
پاکستان

پی ٹی آئی کے کراچی جلسے میں کتنے لوگ تھے؟

اگر گراؤنڈ کے اسٹیج کے بعد کے حصے میں لوگوں کو کھچا کھچ بھر بھی دیا جائے تو بھی اس میں 30 ہزار سے زائد لوگ نہیں سما سکتے، سیاسی ذرائع— فوٹو: پی ٹی آئی
اگر گراؤنڈ کے اسٹیج کے بعد کے حصے میں لوگوں کو کھچا کھچ بھر بھی دیا جائے تو بھی اس میں 30 ہزار سے زائد لوگ نہیں سما سکتے، سیاسی ذرائع— فوٹو: پی ٹی آئی

کراچی میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے باغ جناح جلسے میں شرکاکی تعداد کے حوالے سے دو وفاقی خفیہ اداروں نے الگ الگ رپورٹس دی ہیں۔

مختلف سیاسی تنظیموں کے ذرائع کے مطابق مزار قائد کے قریب جناح گراؤنڈ میں پی ٹی آئی کے جلسے کیلئے تیار کیے گئے قائدین اور میڈیا کے اسٹیجز کے بعد کے حصے میں 22 سے 25 ہزار لوگوں کے بیٹھنے کی گنجائش ہے۔ 

اگر گراؤنڈ کے اسٹیج کے بعد کے حصے میں لوگوں کو کھچا کھچ بھر بھی دیا جائے تو بھی اس میں 30 ہزار سے زائد لوگ نہیں سما سکتے۔

باہر کی سڑکوں پر کم و بیش 4 سے 5 ہزار لوگ موجود تھے۔

وفاقی خفیہ ادارے کے کراچی ڈیسک کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے باغ جناح کے جلسے میں 60 سے 65 ہزار لوگ شریک ہوئے۔ انٹیلی جنس رپورٹ کے مطابق رات 10 بجے جلسہ گاہ کے اندر 50 سے 55 ہزار لوگ موجود تھے جبکہ جلسہ گاہ کے باہر شارع قائدین اور صدر کوریڈور پر 10 ہزار سے زائد لوگ جلسہ سن رہے تھے۔

رپورٹ کے مطابق پروگرام جاری تھا کہ جلسہ گاہ کے باہر سڑکوں پر لگے لاؤڈ اسپیکر خراب ہونے سے جلسہ گاہ کے باہر موجود شرکا میں بے چینی پائی گئی۔ کراچی پولیس کو فائل کردہ رپورٹ کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے جلسہ میں 70 ہزار سے زائد لوگ شریک ہوئے۔ سندھ پولیس کی اسپیشل برانچ کی رپورٹ کے مطابق پی ٹی آئی کے کراچی جلسہ میں 60 سے 70 ہزار لوگ شریک ہوئے۔ اسپیشل برانچ کی رپورٹ کے مطابق جلسہ گاہ میں لائٹس کا ٹاور گرنے سے متعدد افراد زخمی ہوئے۔

کراچی میں تعینات ایک اور وفاقی ادارے کے فیلڈ اسٹاف کی اعلیٰ افسران کو دی گئی رپورٹ کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے جناح گراؤنڈ کے جلسے میں 30 سے 35 ہزار لوگ شریک ہوئے۔ رپورٹ کے مطابق 30 ہزار شرکا جناح گراؤنڈ میں جلسہ گاہ کے اندر جبکہ 5 ہزار شرکا باہر کی سڑکوں پر موجود تھے۔

بڑے عسکری انٹیلیجنس ادارے کی کراچی ڈیسک پر بھی عمران خان کے باغ جناح میں جلسے میں 30 سے 35 ہزار لوگوں کے شریک ہونے کی رپورٹ فائل کی گئی ہے۔

کراچی پولیس کے ایک اعلیٰ افسر نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ عمران خان کے باغ جناح جلسے میں ایک لاکھ سے زائد لوگ شریک ہوئے۔ آفیسر کے مطابق رات گئے جب عمران خان کا خطاب جاری تھا اس وقت بھی لوگ جلسہ گاہ کی طرف جاتے دیکھے گئے۔

مزید خبریں :