کراچی کی پان منڈی میں ملنے والی حلیم بریانی شہریوں میں مقبول

بریانی کراچی والوں کی من پسند ڈش سمجھتی جاتی ہے اور شہر میں بریانی کے متعدد ذائقے موجود ہیں مگر کراچی  میں ایک  بریانی والے ایسے بھی ہیں جو صرف  رمضان میں بریانی فروخت  کرتے ہیں لیکن اس  بریانی کی خاص بات حلیم  کا ساتھ ہے۔

اولڈ سٹی ایریا میں حاجی صلاح الدین کچن گزشتہ 60 برس سے خاص رمضان المبارک میں حلیم بریانی تیار کرتا ہے جسے شہری بہت پسند کرتے ہیں۔

اس بریانی کی تعریف دبئی میں سنی تھی: شہری/ فوٹو جیونیوز
 اس بریانی کی تعریف دبئی میں سنی تھی: شہری/ فوٹو جیونیوز

کچن سینٹر کےمالک محمد الطاف نے جیو ڈیجیٹل سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا کئی نسلوں سے پکوان کا کام ہے لیکن رمضان میں والد نے حلیم بریانی لگانا شروع کی۔

انہوں نے بتایاکہ حلیم کے ساتھ دہلی کی کم مرچ والی زعفرانی بریانی بھی تیار کی جاتی ہے جو ہر جگہ دستیاب نہیں اور وہ بھی خاص طور پر صرف رمضان میں ہی تیار کی جاتی ہے جسے لوگ بڑی تعداد میں کھانے آتے ہیں۔

محمد الطاف کا کہنا تھا کہ حلیم کیوں کہ رمضان میں شوق سے کھایا جاتا ہے اور لوگ افطار کیلئے بھی لے جاتے ہیں اس لیے والد نے بریانی پر حلیم ڈال کر بیچنا شروع کیا جو بہت جلد بہت مقبول ہوگیا۔

محمد الطاف نے مزید کہا کہ والد کے دور سے حلیم بریانی کا جیسا ذائقہ تھا آج بھی وہی برقرار رکھا ہوا ہے، سحری کے وقت شہریوں کے رش سے اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ لوگ حلیم بریانی کتنی پسند کرتے ہیں۔

ہمارا کئی نسلوں سے پکوان کا کام ہے لیکن رمضان میں والد نے حلیم بریانی لگانا شروع کی: محمد الطاف/ فوٹو جیونیوز
 ہمارا کئی نسلوں سے پکوان کا کام ہے لیکن رمضان میں والد نے حلیم بریانی لگانا شروع کی: محمد الطاف/ فوٹو جیونیوز

جیو ڈیجیٹل سے بات کرتے ہوئے حلیم بریانی کھانے آنے والے ایک شہری نے کہا کہ اس بریانی کی تعریف دبئی میں سنی تھی، کراچی آنا ہوا تو حلیم بریانی کھانے کے لیے خصوصی طور پر یہاں آیا۔

دیگر شہریوں کاکہناتھا کہ سحری کے وقت کم مرچ والی بیف بریانی شوق سے کھانے آتے ہیں اور اس کا ذائقہ بھی لاجواب ہے۔

مزید خبریں :