30 اپریل ، 2022
متحدہ عرب امارات کے کراچی میں قونصل جنرل بخیت عتیق الرومیتی نے کہا ہے کہ یو اے ای اور پاکستان کے مابین 70 سال سے مضبوط تعلقات ہیں اور یو اے ای نے پاکستان کی ہر حکومت کے ساتھ مثالی تعاون کیا ہے جو مستقبل میں بھی جاری رہے گا۔
وزیر اعظم شہباز شریف سعودی عرب کے بعد متحدہ عرب امارات کے دورے پر ہیں، ایسے میں کراچی میں قونصل جنرل بخیت عتیق الرومیتی نے کہا ہے کہ پاکستان میں متحدہ عرب امارات کی سرمایہ کاری کے حوالے عید کے بعد خوشخبری دیں گے۔
ان کا کہنا تھاکہ پاکستان سے تعلقات کے حوالے سے اچھی خبریں آنے والی ہیں، یو اے ای اور پاکستان کے مابین 70 سال سے مضبوط تعلقات ہیں اور امارات نے پاکستان کی ہر حکومت کے ساتھ مثالی تعاون کیا ہے جو مستبقل میں بھی جاری رہے گا۔
قونصل جنرل کا کہناتھا کہ متحدہ عرب امارات کی پاکستان کے ساتھ دوستی بے لوث اور مثالی ہے، پاکستان و امارات دوستی دنیا بھر کیلئے مثال ہے۔
انہوں نے کہا کہ یو اے ای حکومت ہر سال رمضان المبارک میں سندھ اور بلوچستان کے نواحی علاقوں میں مستحق خاندانوں میں راشن تقسیم کرتی ہے، اس سال بھی یہ سلسلہ زور شور سے جاری رہا۔
قونصل جنرل بخیت عتیق الرومیتی نے بتایا کہ اس رمضان المبارک میں سندھ اور بلوچستان کے مختلف شہروں میں 25 ہزار سے زائد مستحق خاندانوں میں راشن اور ضروریات زندگی کی اشیا تقسیم کی گئیں۔
انہوں نے کہا کہ مقامی حکومت کے ساتھ مل کر کراچی، لاڑکانہ، خیرپور، سکھر، میرپور خاص میں صحت کے شعبے پر کام کر رہے ہیں، پاکستانی میڈیا کے مثبت کردار نے یو اے ای اور پاکستان کے مضبوط تعلقات میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
ملاقات کے بعد دونوں ممالک کے برادرانہ تعلقات کو اجاگر کرنے پر صحافیوں کو شیلڈز بھی دی گئیں۔