مردہ قرار دیا گیا شخص زندہ نکلا، ویڈیو وائرل

یہ واقعہ چین کے شہر شنگھائی کے ایک نرسنگ ہوم میں پیش آیا/ فائل فوٹو
یہ واقعہ چین کے شہر شنگھائی کے ایک نرسنگ ہوم میں پیش آیا/ فائل فوٹو

یہ کسی بھیانک خواب سے کم نہیں کہ آپ ایک رات سونے کے لیے لیٹے اور جب بیدار ہوں تو لاشوں کے رکھنے والے بیگ میں موجود ہوں اور مردہ خانے کا عملہ آپ کو خوف کے عالم میں دیکھ رہا ہو۔

ایسا ہی کچھ چین کے شہر شنگھائی کے ایک رہائشی کے ساتھ گزشتہ دنوں ہوا۔

نرسنگ ہوم میں مقیم اس شخص کو زندہ ہونے کے باوجود مردہ قرار دے دیا گیا اور بیگ کے اندر دیکھنے پر مردہ خانے کے عملے کو بھیانک غلطی کا احساس ہوا۔

وہاں سے گزرنے والے ایک راہ گیر نے اس موقع کی ویڈیو بھی بنائی جس میں مردہ خانے کا ایک ملازم کہہ رہا ہے کیا آپ نے دیکھا یہ زندہ ہے، جس پر دوسرے نے کہا کہ اب اسے بیگ میں بند مت کرو۔

نرسنگ ہوم کے عملے کو اس غلطی پر شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا اور مردہ خانے کے عملے نے کہا کہ یہ بہت بڑی غیر ذمہ داری ہے کہ ایک زندہ شخص کو مردہ قرار دے دیا گیا ہو۔

بعد ازاں لاش قرار دیئے گئے شخص کو ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں علاج کے بعد اس کی حالت بہتر ہوگئی۔

شنگھائی کی ضلعی حکومت نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ نرسنگ ہوم کے 5 عہدیداران کو سزا دی جائے گی جبکہ ڈاکٹر کا لائسنس منسوخ کردیا جائے گا۔