19 مئی ، 2022
پاکستان تحریک انصاف کے کوہاٹ کے انتظامات کرنے والے ٹھیکیدار کا کہنا ہے کہ انہیں پی ٹی آئی رہنما شہریار آفریدی کے کہنے پر پولیس نے تھانے میں بند کیا۔
جیو نیوز سے بات کرتے ہوئے ٹھیکیدار کا کہنا تھا کہ شہریار آفریدی کے کہنے پر مجھے تھانے میں بند کیا گیا۔
ٹھیکیدار نے معاملے کی وضاحت کرتے ہوئے بتایا کہ میں نے پاکستان تحریک انصاف کے کوہاٹ جلسے میں کام کیا لیکن وہاں آنے والے طوفان کے باعث سب کچھ درہم برہم ہو گیا اور ٹاور بھی گر گئے۔
یاد رہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی جانب سے کوہاٹ جلسے میں لائٹنگ کے انتظامات ٹھیک نہ ہونے پر شہریار آفریدی سے شکوہ کیا گیا تھا کہ اتنا بڑا اسٹیڈیم بھرا ہوا ہے لیکن لائٹنگ ٹھیک نہ ہونے کی وجہ سے آدھا اسٹیڈیم نظر ہی نہیں آ رہا۔
اس حوالے سے ٹھیکیدار کا کہنا تھا کہ 100 فیصد لائٹیں تو بند نہیں تھیں، جلسے کی 80 فیصد لائٹیں ٹھیک کام کر رہی تھیں۔
ٹھیکیدار نے بتایا کہ تحریک انصاف کے جلسے کے لیے 65 لاکھ کا ٹھیکہ طے پایا تھا جس میں سے 30 لاکھ روپے ادا کیے گئے ہیں جبکہ 35 لاکھ روپے بقایا ہیں۔