25 مئی ، 2022
شیاؤمی نے ریڈمی نوٹ 11 سیریز میں مزید 3 نئے فونز کا اضافہ کردیا ہے۔
ریڈمی نوٹ 11 ٹی، 11 ٹی پرو پلس اور نوٹ 11 ایس فونز کو چین میں متعارف کرایا گیا ہے۔
ریڈمی نوٹ 11 ٹی پرو اور پرو پلس دونوں لگ بھگ ایک جیسے فونز ہیں جبکہ نوٹ 11 ایس ای ایک مڈرینج ڈیوائس ہے۔
دونوں فونز میں 6.6 انچ کا آئی پی ایس ایل سی ڈی ڈسپلے ایف ایچ ڈی پلس ریزولوشن اور 144 ہرٹز ریفریش ریٹ سپورٹ سے لیس ہے۔
دونوں فونز میں میڈیا ٹیک کا ڈیمینسٹی 8100 پراسیسر موجود ہے جبکہ اسکرین پر 16 میگا پکسل سیلفی کیمرا دیا گیا ہے۔
اسی طرح 8 جی بی ریم اور 256 سے 512 جی بی اسٹوریج کے آپشن دستیاب ہوں گے جبکہ اینڈرائیڈ 12 آپریٹنگ سسٹم کا امتزاج ایم آئی یو آئی 13 سے کیا گیا ہے۔
ٹی پرو اور 11 ٹی پرو پلس کے بیک پر 64 میگا پکسل مین ، 8 میگا پکسل الٹرا وائیڈ اور 2 میگا پکسل میکرو کیمروں پر مشتمل سیٹ اپ دیا گیا ہے۔
دونوں فون میں فرق بیٹری کا ہے۔
11 ٹی پرو میں 5050 ایم اے ایچ کی ڈوئل سیل بیٹری 67 واٹ فاسٹ چارجنگ سپورٹ کے ساتھ ہے جبکہ 11 ٹی پرو پلس میں 4400 ایم اے ایچ بیٹری کےساتھ 120 واٹ فاسٹ چارجنگ سپورٹ دستیاب ہوگی۔
کمپنی کا دعویٰ ہے کہ 11 ٹی پرو پلس کو صفر سے 100 فیصد چارج کرنے کے لیے محض 19 منٹ درکار ہوں گے جبکہ چارجنگ ٹمپریچر پر نظر رکھنے کے لیے ایک چپ بھی فون کا حصہ بنائی گئی ہے۔
ریڈمی نوٹ 11 ٹی پرو کا 6 جی بی ریم اور 128 جی بی اسٹوریج والا ماڈل 1700 یوآن (54 ہزار پاکستانی روپے سے زائد)جبکہ 8 جی بی ریم اور 256 جی بی اسٹوریج والا ورژن 2199 یوآن (66 ہزار پاکستانی روپے سے زائد)میں دستیاب ہوگا۔
نوٹ 11 ٹی پرو پلس کا 8 جی بی ریم اور 128 جی بی اسٹوریج والا فون 2099 یوآن (63 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) جبکہ 512 جی بی اسٹوریج والا ماڈل 2499 یوآن(75 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) میں فروخت کیا جائے گا۔
نوٹ 11 ایس ای میں 6.5 انچ کا ایل سی ڈی ڈسپلے 90 ہرٹز ریفریش ریٹ سپورٹ کے ساتھ ہے جبکہ اس کے بیک پر 48 میگا پکسل مین اور 2 میگا پکسل ڈیپتھ کیمروں پر مشتمل سیٹ اپ ہے۔
فون کے فرنٹ پر 8 میگا پکسل کیمرا دیا گیا ہے۔
اسی طرح فون کے اندر ڈیمینسٹی 700 پراسیسر موجود ہے جبکہ 4 سے 8 جی بی ریم اور 128 جی بی اسٹوریج دستیاب ہوگی۔
5000 ایم اے ایچ بیٹری کے ساتھ 18 واٹ چارجنگ اسپیڈ دی گئی ہے جبکہ اینڈرائیڈ 11 آپریٹنگ سسٹم کا امتزاج ایم آئی یو آئی 12 سے کیا گیا ہے۔
نوٹ 11 ایس ای کا 4 جی بی ریم اور 128 جی بی اسٹوریج والا ماڈل 1099 یوآن (33 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) جبکہ 8 جی بی ریم والا فون 1399 یوآن (42 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) میں دستیاب ہوگا۔