26 مئی ، 2022
سابق وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال نے سابق وزیراعظم عمران خان سے اختلافات کی وجہ بتا دی۔
کوئٹہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بلوچستان عوامی پارٹی کے رہنما جام کمال کا کہنا تھا کہ آج ہم وزیر اعلیٰ بلوچستان کے خلاف تحریک عدم اعتماد پیش کرنے جا رہے ہیں، تحریک عدم اعتماد لانے کا فیصلہ میرٹ پر کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کسی سے ذاتی اختلاف نہیں ہے،کوئی ہم سے بات کرنا چاہے تو کر سکتا ہے، وزیراعلیٰ بلوچستان کے خلاف عدم اعتماد ہمارے ذاتی مفاد کے لیے نہیں بلکہ بلوچستان اور صوبے کی عوام کے لیے ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے عوام اور اسمبلی کے سامنے اپنا مؤقف رکھ دیا ہے، پی ڈی ایم نے ہمیں تحریک عدم اعتماد پر سپورٹ کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے، شہباز شریف، آصف زرداری اور مولانا فضل الرحمان سے حمایت پر بات ہوئی ہے، عبدالقدوس بزنجو سے ہمیں کوئی غرض نہیں ہے، حکومت سے توقع ہے کہ وہ ہمارا ساتھ دے گی۔
سابق وزیراعظم عمران خان کے ساتھ اختلافات سے متعلق بات کرتے ہوئے جام کمال خان کا کہنا تھا کہ عمران خان کے ساتھ اختلافات بلوچستان کی حکومت پر ہوئے، عمران خان اور پی ڈی ایم جماعتیں قدوس بزنجو کے حق میں ہیں تو اختلاف کس بات کا ہے۔
یاد رہے کہ سابق وزیراعلیٰ بلوچستان کے خلاف ان ہی کی جماعت کے اراکین نے تحریک عدم اعتماد پیش کی تھی جس پر انہوں نے تحریک عدم اعتماد پرووٹنگ سے قبل ہی استعفیٰ دے دیا تھا۔