09 جون ، 2022
لاہور ہائیکورٹ نے وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنااللہ، سی سی پی او لاہور اور ڈی آئی جی آپریشنز کے خلاف اندراج مقدمہ کا فیصلہ معطل کر دیا۔
سیشن کورٹ نے پی ٹی آئی لانگ مارچ کے دوران وکلا پر تشدد کے الزام پر رانا ثنااللہ اور پولیس افسران کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم دیا تھا۔
کانسٹیبل محمد اسلم نے سیشن کورٹ کے فیصلے کے خلاف لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کیا تھا جس میں مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ سیشن کورٹ نے حقائق کے برعکس مقدمہ درج کرنے کا حکم دیا۔
درخواست میں استدعا کی گئی تھی کہ فاضل عدالت سیشن کورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دے۔
لاہور ہائیکورٹ نے کانسٹیبل محمد اسلم کی درخواست پر رانا ثنااللہ، سی سی پی او لاہور اور ڈی آئی جی آپریشنز کیخلاف مقدمہ درج کرنے کا فیصلہ معطل کرتے ہوئے فریقین کو نوٹسز جاری کر کے آئندہ سماعت پر جواب طلب کر لیا۔