انٹرٹینمنٹ

فلم کملی کے گانے عناصر کے نام پر کیوں رکھے گئے؟ سرمد کھوسٹ نے وجہ بتادی

3 جون کو پاکستان بھر میں ریلیز ہونے والی فلم کملی ان دنوں چرچہ میں ہے ،اسے عوام کی جانب سے بے حد پزیرائی مل رہی ہے جبکہ ہدایتکار سرمد کھوسٹ کے کام کو بھی پسند کیا جارہا ہے ۔

کاسٹ اور کہانی کے علاوہ فلم کے گانے بھی توجہ کا مرکز بنے ہوئے ہیں، دلچسپ بات یہ ہے کہ کچھ گانوں کے نام عناصر جیسے آگ، پانی وغیرہ کے نام پر رکھے گئے ہیں ۔

حال ہی میں جیو ڈیجیٹل کو دیے  گئے انٹرویو میں جب سرمد کھوسٹ سے گانوں کے ناموں کے چناؤ پر سوال کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ کہانیاں زندگی کی عکاسی کرتی ہیں اور زندگی کی عکاسی کرنے کے لیے آپ کو عناصر چاہییں، اس لیے آگ، ہوا، پانی اور مٹی کا کمال بھی آپ کو کملی میں نظر آئے گا جبکہ میرا پسندیدہ ریشماں جی کا گیت ہے ۔

 انہوں نے کہا کہ ڈائریکشن کا تو نہیں پتہ لیکن صبا قمر، نمرہ اور ثانیہ کو اسکرین پر ایک ساتھ پر فارم کرتا دیکھ کے بہت مزہ آیا۔

فلم کی لوکیشن کے حوالے سے بات کرتے ہوئے سرمد نے بتایا کہ کہانی کی سیٹنگ ہی ایسی تھی کہ کلر کہار کی لوکیشن کو بیک ڈراپ چنا گیا ، لاہور سے اسلام آباد جب آپ موٹر وے پر سفر کرتے ہیں تو یہ لوکیشن سینٹر میں پڑتی ہے ، یہاں سے گزرتے ہوئے یہ جگہ ہمیشہ مجھے اپنی طرف کھینچتی تھی۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ پہاڑ نہ ہی پاکستان کے شمالی علاقہ جات کی طرح اونچے ہیں اور نہ ہی ان کے اطراف زیادہ ہریالی ہے، جھیلیں اور سوکھے درخت ہیں اس کے علاوہ  دور تک سناٹا ہے ، تو یہ دیکھ کر میری بات بن گئی ۔

اس کے علاوہ فلم کی شوٹنگ کے دوران پیش آنے والی مشکلات کا ذکر کرتے ہوئے سرمد کھوسٹ نے بتایا کہ  آؤٹ ڈور شوٹ کرتے ہوئے روزانہ سوا گھنٹہ ٹریکنگ کرنی پڑتی تھی اور جب شوٹنگ مکمل ہوجاتی تو میں پہاڑ کو دیکھ کر سوچتا تھا کہ مجھے کوئی جادو سے اوپر واپس لے جائے، وہ جگہ ایسی تھی کہ آپ سائیکل بھی نہیں چلا سکتے تو ہمیں پیدل سفر کرنا پڑتا تھا اس کے باوجود کاسٹ سمیت ٹیم میں سے کسی نے اُف نہیں کی۔

مزید خبریں :