11 جون ، 2022
شہباز شریف کے خلاف منی لانڈرنگ کیس میں مبینہ شریک ملزم ملک مقصود کو لاہور کے مقامی قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا۔
شہبازشریف کے خلاف منی لانڈرنگ کیس میں مبینہ شریک ملزم ملک مقصود کی میت دبئی سے لاہور لائی گئی۔
ائیرپورٹ ذرائع کے مطابق میت نجی ائیر لائن سے گزشتہ روز رات 9 بجے لاہور پہنچی۔ جس کے بعد ملک مقصود کی میت ماڈل ٹاؤن میں ان کے گھر پہنچائی گئی جس کے بعد نشتر پارک ٹاؤن شپ میں نماز جنازہ کے بعد انہیں مقامی قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا۔
واضح رہے کہ ملک مقصود کا انتقال دو روز قبل دبئی میں ہوا تھا۔
یاد رہے کہ مقصود احمد کا نام وزیراعظم شہباز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کے خلاف اربوں روپے کی منی لانڈرنگ کیس میں استعمال ہوتا رہا ہے اور پاکستان تحریک انصاف کے دور میں مشیر برائے احتساب شہزاد اکبر بارہا دعویٰ کر چکے ہیں کہ شہباز شریف اور حمزہ شہباز نے ذاتی ملازم مقصود چپڑاسی کے اکاؤنٹ میں کروڑوں روپے منتقل کیے۔