Time 19 جون ، 2022
پاکستان

دانیہ ملک کا اپنے خلاف عدالت میں درخواست دائر ہونے پر ردعمل سامنے آگیا

سابق رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر عامر لیاقت حسین کی تیسری اہلیہ دانیہ ملک کا اپنے خلاف عدالت میں درخواست دائر ہونے کے بعد ردعمل سامنے آگیا۔

دانیہ ملک کے خلاف ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کراچی جنوبی کی عدالت میں ایک سماجی تنظیم کی جانب سے درخواست دائر کی گئی ہے جس میں مؤقف اپنایا گیا ہےکہ عدالت وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) کو دانیہ شاہ کے خلاف کارروائی کا حکم دے کیونکہ اس نے عامر لیاقت کی نازیبا ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل کی ہیں۔

درخواست میں استدعا کی گئی کہ ایف آئی اے سائبر کرائم دانیہ شاہ کے خلاف کارروائی کرے کیوں کہ دانیہ نے پوری دنیا میں پاکستان کی خواتین کی عزت مجروح کی ہے اور پاکستانی خواتین کے سر شرم سے جھک گئے ہیں۔

تاہم اب دانیہ ملک 'جن کی جانب سے دعویٰ کیا جارہا ہےکہ وہ عدت میں ہیں'، کے انسٹاگرام اکاؤنٹ سے ایک ویڈیو جاری کی گئی ہے جس میں ایک خاتون دانیہ کی طرف سے پیغام دے رہی ہیں۔

خاتون نے بتایا کہ 'دانیہ اس وقت عدت میں ہے اور اس کا کہنا ہے کہ میرے خاوند نے مجھے معاف کردیا تھا، وہ ایک بہت بڑا عالم تھا اور اس نے کہا تھا کہ میری بیوی کے لیے گھر کے دروازے کھلے ہیں، انتقال سے چار روز قبل بھی اس نے کہا تھا کہ میں صلح کرنا چاہتا ہوں'۔

دانیہ نےکہا کہ 'کہاں لکھا ہےکہ خاوند بیوی کو معاف کردے اور اس کے مرنےکے بعد زمانہ بیوی کی گرفتاری کے پیچھے لگ جائے، اب کیسی گرفتاری، ایسا کون سا قانون ہے؟ خاص طور پر میڈیا لوگوں میں نفرت پھیلا رہا ہے'۔

ویڈیو میں یہ بھی کہا گیا کہ باقی سوالوں کے جواب دانیہ عدت کے بعد دے گی۔

خیال رہے کہ عامر لیاقت حسین کا انتقال 9 جون بروز جمعرات کو ہوا اور ان کی تدفین 10 جون کو عبداللہ شاہ غازی کے مزار کے احاطے میں کی گئی تھی۔

مزید خبریں :