21 جون ، 2022
کراچی کی مقامی عدالت نے عامرلیاقت کی تیسری اہلیہ دانیہ شاہ کے خلاف سائبر کرائم کے تحت کارروائی کی درخواست پر ڈائریکٹر ایف آئی اے سائبرکرائم و دیگر کو نوٹس جاری کر دیے۔
ڈسٹرکٹ سیشن کورٹ جنوبی کراچی میں دانیہ شاہ کے خلاف سائبرکرائم کےتحت کارروائی پر سماعت ہوئی، عدالت نے ڈائریکٹر ایف آئی اے سائبرکرائم و دیگرکو نوٹس جاری کرتے ہوئےفریقین سے 6 جولائی تک جواب طلب کرلیا۔
خیال رہےکہ سماجی تنظیم نےدانیہ شاہ کےخلاف عدالت میں درخواست دائرکر رکھی ہے، درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہےکہ عدالت ایف آئی اے کو دانیہ شاہ کے خلاف کارروائی کا حکم دے۔
وکیل درخواست گزار ایڈووکیٹ عامر جمیل کا کہنا ہےکہ دانیہ نے عامرلیاقت کی نازیبا ویڈیوزسوشل میڈیا پر وائرل کیں، ایف آئی اے سائبر کرائم دانیہ شاہ کے خلاف کارروائی کرے۔
درخواست میں کہا گیا ہےکہ دانیہ نے پوری دنیا میں پاکستان کی عورتوں کی عزت مجروح کی ہے، دانیہ کی اس حرکت سے پاکستانی عورتوں کے سر شرم سے جھک گئے ہیں، معمولی تنازع پر نازیبا ویڈیوز وائرل کرنے کی سزا دانیہ کو ملنی چاہیے۔