21 جون ، 2022
کراچی میں امریکی قونصل خانے کے لیے سکیورٹی رسک قرار دی گئی انٹیلیجنس کالونی کی 7 نجی رہائشی عمارتوں سے تجاوزات منہدم کرنے کا آپریشن جاری ہے۔
سینیئر سپرنٹنڈنٹ پولیس کیماڑی فدا حسین جانوری کے مطابق مائی کلاچی بائی پاس اور مولوی تمیز الدین خان روڈ خان پر واقع امریکی قونصلیٹ جنرل سے متصل انٹیلیجنس کالونی میں 7 ایسی عمارتوں کی نشاندہی ہوئی ہے جو غیر قانونی طور پر تعمیر کی گئی ہیں، اس سلسلے میں متعلقہ اداروں کی جانب سے امریکی قونصلیٹ کی سکیورٹی کے خدشات ظاہر کیےگئے ہیں۔
فدا حسین جانوری کے مطابق ڈپٹی کمشنر کیماڑی مختار ابڑو کی جانب سے ان عمارتوں کو غیر قانونی قرار دیے جانے کے بعد انہدام کا آپریشن گزشتہ ہفتے شروع کیا گیا تھا تاہم فریقین کی جانب سے قانونی چارہ جوئی کی گئی جس پر عدالت نے حکم امتناع جاری کردیا تھا۔
ایس ایس پی کیماڑی کے مطابق گزشتہ روز عدالت نے کارروائی کے بعد حکم امتناع ختم کر دیا جس پر آج منگل کی صبح یہ آپریشن پھر شروع کیا گیا ہے۔
اس سلسلے میں کیماڑی ضلع کے مختلف تھانوں کی بھاری نفری اور اینٹی انکروچمنٹ کے اہلکار علاقے میں تعینات ہیں۔
ڈپٹی کمشنرکیماڑی مختار ابڑو کی نگرانی میں جاری آپریشن میں سینیئر سپرنٹنڈنٹ پولیس فدا حسین جانوری اور دیگر افسران کی بھاری تعداد موجود ہے۔
حکام کے مطابق امریکی قونصلیٹ کی 16 فٹ کی دیوار سے دو سو فٹ کے اندر سات رہائشی عمارتوں کی اضافی اور غیرقانونی تعمیرات منہدم کی جارہی ہیں، علاقے میں کشیدگی پائی جاتی ہے تاہم اب تک کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا۔