پاکستان
Time 05 جولائی ، 2022

نالہ کورنگ میں چار بچوں کو بچانے کیلئے چھلانگ لگانے والا نوجوان بہہ گیا

بچوں کو نیوی، پولیس اور ضلعی انتظامیہ کی کاوشوں سے نکال لیا گیا، مدد کو جانےوالا ڈھوک نرالہ کا رہائشی سیلابی ریلے کا شکار ہو گیا جس کی تلاش جاری ہے— فوٹو: اسکرین گریب
بچوں کو نیوی، پولیس اور ضلعی انتظامیہ کی کاوشوں سے نکال لیا گیا، مدد کو جانےوالا ڈھوک نرالہ کا رہائشی سیلابی ریلے کا شکار ہو گیا جس کی تلاش جاری ہے— فوٹو: اسکرین گریب

راولپنڈی اور اسلام آباد میں بارشوں سے نالے بپھر گئے، کورنگ نالے میں بہاؤ تیز ہونے سے کوڑا چننے والے 4 بچے پھنس گئے، ریسکیو آپریشن کرکے چاروں کو بچالیا گیا تاہم بچوں کی مدد کیلئے پانی میں چھلانگ لگانے والا شہری پانی میں بہہ گیا جس کی  تلاش جاری ہے۔

ادھر نالہ لئی میں ڈوب کر ایک نوجوان جاں بحق ہوگیا، خطرناک حد تک بلند ہوتی پانی کی سطح کی نگرانی جاری ہے، ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کیلئے فوجی جوان بھی موجود ہیں۔

اسلام آباد کے سیکٹر 13 میں پانی گھروں میں داخل ہوگیا، سیکٹر جی 15 میں بارش کا پانی موجود ہے،کئی گاڑیاں تیز  بہاؤ میں بہہ گئیں ہیں۔

جڑواں شہروں اسلام آباد اور راولپنڈی میں صبح سویرے شروع ہونے والی موسلا دھار بارش پانچ گھنٹوں تک جاری رہی۔

ضلعی انتظامیہ کی طرف سے نالوں میں نہانے پر پابندی کے باوجود ہر سال کی طرح اس باربھی خلاف ورزی دیکھنے میں آئی اور چار کوڑا چننے والے بچے نالہ کورنگ میں داخل ہوئے اورپانی کا بہاؤ بڑھنے پرپھنس گئے، ان بچوں کو توپاک نیوی، پولیس اور ضلعی انتظامیہ کی کاوشوں سے نکال لیا گیا تاہم ان کی مدد کو جانےوالا ڈھوک نرالہ کا رہائشی سیلابی ریلے کا شکار ہو گیا جس کی تلاش جاری ہے۔

ادھر شدید بارشوں سے کوئٹہ سمیت بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بھی تباہی مچ گئی ہے، چھ قیمتی جانیں ضائع ہونے کے بعد کوئٹہ کے متاثرہ خاندان بے سر و سامانی کا شکار ہیں۔

ضلع پشین کے پہاڑی علاقے توبہ کاکڑی میں سیلابی ریلوں سے رابطہ سڑکیں اور  پل متاثر ہوئے ہیں جبکہ 100 سے زائد مکانات، باغات اور فصلوں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔

بولان میں مچ کے پہاڑی علاقوں میں سیلابی ریلوں میں بہنے والے تین میں سے ایک شخص کی لاش مل گئی ہے جبکہ دو کی تلاش جاری ہے۔

مزید خبریں :