09 جولائی ، 2022
پاکستانی اداکارہ سحر خان کا کہنا ہےکہ انہیں بقرہ عید پسند ہے، جانور کٹتے ہوئے نہیں دیکھ سکتی لیکن گوشت کاٹنا اچھا لگتا ہے اور گوشت بانٹنے میں بھی بہت دلچسپی لیتی ہوں ۔
ان دنوں ڈرامہ سیریل 'زخم' میں نظر آنے والی اداکارہ سحر خان بھی بقرہ عید منانےکے لیے پرجوش ہیں۔
جیو ڈیجیٹل کو دیےگئے اپنے خصوصی انٹرویو میں سحر خان نے بتایا کہ عموماً لڑکیوں کو بقرہ عید پسند نہیں ہوتی کہ کام کرنا پڑتا ہے جب کہ کچھ گوشت وغیرہ سے گھبراتی ہیں لیکن مجھے تو بقرہ عید پسند ہے، جانور کٹتے ہوئے نہیں دیکھ سکتی لیکن گوشت کاٹنا اچھا لگتا ہے اور گوشت بانٹنے میں بھی بہت دلچسپی لیتی ہوں ۔
اداکارہ پہلی مرتبہ آغا علی کے ساتھ ڈرامہ سیریل 'زخم' میں 'ہر پل جیو' کی اسکرین پر دکھائی دے رہی ہیں۔
ایک ساتھ کام کرنےکے تجربے پر بات کرتے ہوئے انہوں نے جیو ڈیجیٹل کو بتایا کہ آغا علی میرا ڈرامہ 'رنگ محل' فالو کر رہے تھے، جب وہ پہلے دن 'زخم' کے سیٹ پر آئے تومجھے مہ پارہ کہہ کر بلایا، انہوں نے سیٹ پر مجھے گنگناتے سنا تو تعریف کی کہ آپ بہت اچھا گنگناتی ہیں آپ کو گانا گانا چاہیے، پھروہ بھی گنگنانے لگے تو میں نے تعریف کی کہ آپ بھی بہت اچھا گاتے ہیں، آپ کو بھی گانا گانا چاہیے۔
سحرخان کا کہنا تھا کی میری اس بات پر وہ ناراض ہوگئے اور کہا میں آپ سے کوئی بات نہیں کر رہا، جب میں نے وجہ پوچھی تو انہوں نے کہا کہ آپ نے آج تک میرا کوئی گانا نہیں سنا یہ کیا بات ہوئی۔
سحر خان نے بتایا کہ اس کے بعد انہوں نے آغا علی کے سارے گانے سنے، اس سے قبل انہیں علم نہیں تھا کہ وہ اچھے اداکار کے ساتھ اچھےگلوکار بھی ہیں۔
سحر نے مزید کہا کہ ڈرامے میں سکندرکا کردار نبھانے والے آغا علی اصل زندگی میں بلکل ویسے نہیں، البتہ اپنے کردار کے حوالے سے کافی سنجیدہ ہیں کہ اسکرین پرکیسے دِکھ رہے ہیں، جو ایک اچھی بات ہے ، انہوں نے گرم کوٹ پہن کر گرمی میں اداکاری کی ہے جس پر ہم سب ان کو داد دیتے ہیں۔
اسفر رحمان کے ساتھ کام کرنا کیسا تجربہ رہا ؟ اس سوال کے جواب میں سحرخان نے کہا کہ اسفر ایک بہت پازیٹیو انسان ہیں، ان کے ساتھ کام کرکے اچھا لگا، ان کی سب سے اچھی بات یہ ہےکہ وہ کم بولتے ہیں، اپنے کام سے کام رکھتے ہیں جب کہ روبینہ اشرف کے ساتھ کام کرکے بہت کچھ سیکھنے کو ملا، انہوں نے سیٹ پر میری تعریف بھی کی جو کہ میرے لیے بہت بڑی بات ہے، ان کی سب سے اچھی بات یہ ہےکہ انہیں اپنے کردار کے ساتھ ساری کہانی پتہ ہوتی ہے۔
ڈرامہ سیریل 'زخم' میں اپنے کیریکٹر کے بارے میں بات کرتے ہوئے سحر خان نے کہا کہ کچھ لوگوں کو اریج کا کردار معصوم لگ رہا ہے، لڑکیاں معصوم ہوتی بھی ہیں لیکن اریج کی سب سے اچھی بات یہ ہے کہ وہ شروع سے غلط کو غلط اور صحیح کو صحیح کہنے والی لڑکی ہے اور اسے اپنے لیے اسٹینڈ لینا آتا ہے۔
اپنے گزشتہ کرداروں پر بات کرت ہوئے اداکارہ نے بتایا کہ انہوں نے 'فاسق' میں نبھائے فاطمہ کےکردار سے صبر کرنا سیکھا ہے، ڈرامے کے دوران ناظرین نے میسجزبھیجےکہ فاطمہ کے کردار سے ہم نے نماز پڑھنا شروع کردی یا غیبت کرنا چھوڑدی تو لگا کہ میری محنت وصول ہوگئی ہے۔
سحر نےکہا کہ اصل زندگی میں ان میں 'رنگ محل' کے کردار مہ پارہ والا شوخ و چنچل پن موجود ہے لیکن انہیں 'زخم' میں اپنے کردار کی خود مختاری اچھی لگتی ہے، لڑکیوں کو بہادر اور پراعتماد ہونا چاہیے۔
سحر خان مستبل میں '7th Sky Entertainment' کے ایک نئے پروجیکٹ میں نظر آئیں گی جب کہ ایک اور چینل نے بھی انہیں اگلے پروجیکٹ کے لیےکاسٹ کرلیا ہے۔