14 جولائی ، 2022
کراچی: گلشن اقبال کے نجی اسکول میں اہلیہ کو قتل کرکے لاش دیگ میں ڈال کر چولہے پر پکانے کا مقدمہ انسداد دہشتگردی کی دفعات کے تحت مقتولہ کے شوہر عاشق حسین کے خلاف درج کرلیا گیا۔
ایس ایس پی ایسٹ عبدالرحیم شیرازی کے مطابق مبینہ ٹاؤن تھانے میں مقتولہ نرگس کے بھائی سید مشتاق حسین کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق واردات گلشن اقبال بلاک 4 کے بنگلہ نمبر ای 2 میں قائم اسکول میں ہوئی تاہم مقدمے میں اسکول کا تذکرہ نہیں۔
مدعی کے مطابق وہ خیبر پختونخوا کے ضلع قرم پاراچنار کے گاؤں بلندخیل کے رہائشی ہیں، ان کے والد سید اسحاق نے مدعی کی بہن نرگس کی شادی 22 سال قبل رضامندی سے ان کے پھوپھی زاد عاشق حسین سے کراچی میں کی تھی جن کے 6 بچے ہیں۔
مدعی کے مطابق وہ گزشتہ روز کام پر موجود تھا کہ ان کے بھائی ناصر نے فون پر اطلاع دی کہ نرگس کو عاشق حسین نے قتل کر دیا ہے، وہ اپنی فیملی کے ہمراہ جائے وقوعہ پر پہنچا تو دیکھا کہ کچن کے ایک جانب چولہے پر دیگ میں میری بہن نیم برہنہ حالت میں مردہ پڑی تھی اور چولہا جل رہا تھا، ٹانگ اور جسم کے دیگر اعضاء بھی کچن میں پڑے تھے۔
مدعی نے کہا کہ اس کی بھانجی رابعہ نے بتایا کہ رات تقریباً 3 بجے ان کے والد اور والدہ کا مکان کی تبدیلی کے سلسلے میں جھگڑا ہوا تھا جس پر والد نے والدہ کو قتل کردیا اور دیگر تین بچوں عارف، مہران اور آمنہ کو لے کر فرار ہوگیا۔
پولیس کے مطابق پوسٹ مارٹم کے بعد لاش اعضاء کی شکل میں لواحقین کے حوالے کر دی گئی جب کہ مقدمے کی تحقیقات شروع کرکے ملزم کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں۔