29 جولائی ، 2022
مسلم لیگ ن کے رہنما حمزہ شہباز شریف نے آج ہونے والے اسپیکر پنجاب اسمبلی کے الیکشن کو عدالت میں چیلنج کرنے کا اعلان کردیا۔
حمزہ شہباز نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ پنجاب اسمبلی کے انتخاب کے دوران بیلٹ پیپرز پر سیریل نمبر درج کیے گئے تھے تا کہ پتا چل سکے ووٹ کس کو کاسٹ ہوا۔
انہوں نے کہا کہ اسپیکر پنجاب اسمبلی کے الیکشن کو کل کورٹ میں چیلنج کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ آج ہونے والے پنجاب اسمبلی کے اسپیکر کے انتخاب میں پاکستان تحریک انصاف کے سبطین خان نے مسلم لیگ ن کے امیدوار سیف الملوک کھوکھر کو شکست دی اور اسپیکر پنجاب اسمبلی منتخب ہوگئے۔
پینل آف چیئرمین وسیم بادوزئی نے سبطین خان کی کامیابی کا اعلان کیا۔ پینل آف چیئرمین کا کہنا تھاکہ تحریک انصاف کے سبطین خان ایوان کے نئے کسٹوڈین ہوں گے۔
نتائج کے مطابق اسپیکر کے انتخاب کیلئے مجموعی طور پر 364 ووٹ کاسٹ ہوئے جس میں سے سبطین خان 185 ووٹ لے کر اسپیکر پنجاب اسمبلی منتخب ہوئے جبکہ مسلم لیگ ن کے امیدوار سیف الملوک کھوکھر کو 175 ووٹ ملے، 4 ووٹ مسترد ہوئے۔