Time 08 اگست ، 2022
کھیل

اسلامک گیمز میں شرکت کیلئے پاکستانی ایتھلیٹس عروج اور شجر عباس ترکیہ پہنچ گئے

اسلامک گیمزمیں شرکت کیلئے پاکستانی ایتھلٹس شجر عباس اور عروج کرن ترکیہ پہنچ گئے— فوٹو:جیونیوز
اسلامک گیمزمیں شرکت کیلئے پاکستانی ایتھلٹس شجر عباس اور عروج کرن ترکیہ پہنچ گئے— فوٹو:جیونیوز

8 اگست سے  شروع ہونے والی اسلامک گیمز میں شرکت کیلئے پاکستانی ایتھلیٹس عروج اور شجر عباس ترکیہ پہنچ گئے۔

پاکستانی ایتھلیٹ شجرعباس اسلامک گیمز میں شرکت کیلئے ترکیہ(سابق ترکی) تو پہنچ گئے لیکن انہیں جاتے ہی 12 گھنٹے بعد 100 میٹر ریس میں شرکت کرنا ہوگی ۔

100 میٹر ریس کی پہلی ہیٹ آج قونیہ میں ہوگی جہاں پاکستانی کی عروج کرن بھی 100 میٹر ریس میں حصہ لے رہی ہیں جو ترکیہ کے شہر قونیہ پہنچ چکی ہیں۔

کامن ویلتھ گیمز میں 200 میٹرریس کے فائنل راؤنڈ میں جگہ بنانے والے پہلے پاکستانی ایتھلیٹ شجر عباس اسلامک گیمز میں بھی سو اور دو سو میٹر ریس میں ایکشن میں ہوں گے لیکن شجر جو چار گھنٹے کی فلائٹ کے بعد برمنگھم سے استنبول پہنچیں ہیں۔

وہ ائیر پورٹ پر 6گھنٹے قیام کے بعد آج 8 اگست کو ترکیہ کے مقامی وقت کے مطابق رات 2 بجے قونیہ پہنچیں گے اور پھر اسی روز سہہ پہر 3 بجے 100 میٹر ریس کی ہیٹ میں حصہ لیں گے۔

شجر عباس قونیہ میں چند ہی گھنٹے قیام کرسکیں گے اور وہاں بنا پریکٹس کے سو میٹر ریس میں ایکشن میں نظر آئیں گے۔

کامن ویلتھ گیمز میں شاندار کارکردگی کے بعد شجر عباس سے اسلامک گیمز میں میڈلز کی امید روشن ہے ،وہ 10 اگست کو 200 میٹر ریس کی ہیٹ میں بھی ایکشن میں نظر آئیں گے۔

دوسری جانب پاکستان کی عروج کرن بھی آج سو میٹر ریس میں ایکشن میں ہوں گی وہ پہلے ہی اسلامک گیمز میں شرکت کیلئے ترکیہ کے شہر قونیہ  پہنچ چکی ہیں۔

مزید خبریں :