20 اگست ، 2022
انجری کے باعث ٹی ٹوئنٹی ایشیا کپ سے باہر ہونےکے باوجود فاسٹ بولر شاہین آفریدی قومی اسکواڈ کے ساتھ ہی رہیں گے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے مطابق دبئی میں جدید سہولیات کی وجہ سے شاہین آفریدی کو اسکواڈ کے ساتھ رکھا جا رہا ہے، شاہین آفریدی کو جس انجری کا سامنا ہے اس کے لیے دبئی میں موجود سہولیات سے استفادہ کیا جائےگا۔
پی سی بی کے مطابق دبئی میں شاہین آفریدی کا مزید چیک اپ بھی کرایا جائےگا، چیک اپ کی روشنی میں دبئی کے انفرا اسٹرکچر کے مطابق ری ہیب کیا جائےگا۔
پی سی بی کا کہنا ہے کہ شاہین آفریدی کو ایشیا کپ کے دوران بھی اسکواڈ کے ساتھ رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ فاسٹ بولر شاہین آفریدی گھٹنے میں انجری کے باعث اے سی سی ٹی ٹوئنٹی ایشیا کپ اور انگلینڈ کے خلاف ہوم سیریز سے باہر ہو گئے ہیں، وہ اس وقت نیدرلینڈز میں ٹیم کے ساتھ موجود ہیں۔
پی سی بی میڈیکل ایڈوائزری کمیٹی اور انڈی پینڈنٹ اسپیشلسٹس نے تازہ ترین اسکینز اور رپورٹس کی روشنی میں کرکٹرکو آرام تجویز کیا ہے، انہیں چار سے چھ ہفتے آرام کرنےکا کہا گیا ہے۔
ممکنہ طور پر شاہین آفریدی کی نیوزی لینڈ میں اکتوبر میں ہونے والی سہہ فریقی ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیےکرکٹ میں واپسی ہوگی۔
واضح رہےکہ ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ 27 اگست سے 11 ستمبر تک سری لنکا کی میزبانی میں متحدہ عرب امارات میں کھیلا جائےگا۔