20 اگست ، 2022
انجری کے باعث ٹی ٹوئنٹی ایشیا کپ سے باہر ہونے پر قومی ٹیم کے فاسٹ بولر شاہین آفریدی کا بیان سامنے آگیا۔
ٹوئٹر پر ایک پوسٹ میں شاہین آفریدی کا کہنا تھا کہ پاکستان ٹیم کا ہر کھلاڑی میچ ونر ہے، ایشیا کپ کے لیے میری نیک خواہشات ٹیم کے ساتھ ہیں۔
فاسٹ بولر کا کہنا تھا کہ مداحوں سے کہوں گا کہ مجھے دعاؤں میں یاد رکھیں، میں جلد واپس آؤں گا۔
واضح رہے کہ فاسٹ بولر شاہین آفریدی گھٹنے میں انجری کے باعث اے سی سی ٹی ٹوئنٹی ایشیا کپ اور انگلینڈ کے خلاف ہوم سیریز سے باہر ہو گئے ہیں۔
پی سی بی میڈیکل ایڈوائزری کمیٹی اور انڈی پینڈنٹ اسپیشلسٹس نے تازہ ترین اسکینز اور رپورٹس کی روشنی میں کرکٹر کو آرام تجویز کیا ہے، انہیں چار سے چھ ہفتے آرام کرنے کا کہا گیا ہے۔
ممکنہ طور پر شاہین آفریدی کی نیوزی لینڈ میں اکتوبر میں ہونے والی سہہ فریقی ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے کرکٹ میں واپسی ہوگی۔
واضح رہے کہ شاہین آفریدی گزشتہ ماہ سری لنکا کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں دائیں گھٹنے کی تکلیف کا شکار ہوئے تھے۔