انٹرٹینمنٹ

مشہور گانے ’کنا یاری‘ کا گلوکار 8 بچوں سمیت بے گھر، تفصیلات بتادیں

چاول کی فصل بھی مکمل تباہ ہوگئی اور ساتھ ہی دیگر دیہاتیوں کے گھر بھی ریلے میں بہہ گئے جس کے بعد تمام افراد کو مشکلات کا سامنا ہے: وہاب بلوچ/ فوٹوسوشل میڈیا
چاول کی فصل بھی مکمل تباہ ہوگئی اور ساتھ ہی دیگر دیہاتیوں کے گھر بھی ریلے میں بہہ گئے جس کے بعد تمام افراد کو مشکلات کا سامنا ہے: وہاب بلوچ/ فوٹوسوشل میڈیا

پاکستان کے معروف میوزک شو کوک اسٹوڈیو سیزن 14 کے بلوچی گانے ’ کنا یاری‘ کے گلوکار وہاب بگٹی کا گھر بلوچستان کے سیلابی ریلے میں بہہ گیا۔

عبد الوہاب بگٹی نے جیو ڈیجیٹل سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ وہ بلوچستان کے علاقے ڈیرہ مرادجمالی کے ضلع نصیر آباد میں 1998 سے مقیم ہیں جب کہ ان کا گھر کچی مٹی کا بنا ہوا تھا۔

گلوکار نے بتایا کہ ان کا گھر دو دن قبل بارشوں سے باعث سیلابی ریلے میں بہہ گیا جس کے بعد وہ اپنے 8 بچوں سمیت رات کھلے آسمان تلے گزارنے پر مجبور ہوگئے تاہم گزشتہ شب 3 بجے بارش رُکی تو وہ تھک ہار کے اپنے دوست کے گھر پہنچے جنہوں نے وہاب بگٹی کو ایک کمرہ رہنے کے لیے دیا۔

وہاب کے مطابق ان کی چاول کی فصل بھی مکمل تباہ ہوگئی اور ساتھ ہی دیگر دیہاتیوں کے گھر بھی ریلے میں بہہ گئے جس کے بعد تمام افراد کو مشکلات کا سامنا ہے۔

حکومت نے اب تک کوئی مدد کی؟

جیو سے گفتگو میں وہاب بگٹی نے بتایا کہ علاقے میں فوجی اہلکار پانی نکالنے میں مصروف ہیں لیکن بارشوں کے باعث ان کے سسٹم بھی بند ہوگئے ہیں جس کی وجہ سے رابطہ منقطع ہوگیا، بارش کی وجہ سے سڑکوں پر پھسلن ہے جس سے گاڑیاں بھی نہیں چل پارہیں، اس کے علاوہ حکومت نے فی الحال کوئی رابطہ نہیں کیا۔

کوک اسٹوڈیو والوں نے رابطہ کیا؟

سوال کے جواب میں گلوکار نے بتایا کہ جی ہاں! جب مجھے یہ مشکل پیش آئی تو میں نے اپنے سر کوک اسٹوڈیو کے پروڈیوسر موسیقار عبد الجبار خان (زلفی) کو فون کیا اور معاملات کی سنگینی کے حوالے سے مطلع کیا۔

انہوں نے بتایا کہ زلفی نے یہ خبر دیگر گلوکاروں کو بھیجی اور ساتھ ہی سوشل میڈیا پر پوسٹ کیا جس کے بعد میرے اکاؤنٹ میں کچھ پیسے آنا شروع ہوئے۔

کوک اسٹوڈیو تک کیسے پہنچے؟

دوران انٹرویو عبد الوہاب نے بتایا کہ میں اپنے گاؤں میں بیٹھے ایک گانا گارہا تھا کہ اس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی جس کے بعد مجھ سے زلفی نے رابطہ کیا اور کوک اسٹوڈیو میں گانا گانے کا کہا۔

سوشل میڈیا پر وائرل پوسٹس میں ’کنا یاری‘ گلوکار عبدالوہاب کو چند بچوں سمیت بے یار و مددگار کھڑے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

گلوکار سے متعلق وائرل پوسٹس دیکھ کر معروف شخصیات کی جانب سے عبدالوہاب کے لیے مدد کی اپیل اور اعلان کیا جا رہا ہے۔

مصنفہ، گلوکار اور سماجی کارکن منیبہ مزاری نے عبدالوہاب کی حالت پر دکھ کا اظہار کیا۔

گلوکارہ حدیقہ کیانی نے بھی کمنٹ کیا اور  اعلان کیا کہ وہ عطیات جمع کر رہی ہیں اور جلد ہی کوک اسٹوڈیو کے گلوکار وہاب علی بگٹی اور دیگر سیلاب زدگان کی مدد کے لیے بلوچستان پہنچنے والی ہیں۔

مشہور گانے ’کنا یاری‘ کا گلوکار 8 بچوں سمیت بے گھر، تفصیلات بتادیں


مزید خبریں :