22 اگست ، 2022
کراچی میں 300 گز کے ایک پلاٹ پر قائم دو سرکاری اسکولوں کو چندہ جمع کر کے چلائے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔
کراچی کی خداداد کالونی میں 300 گز کے ایک پلاٹ پر دو سرکاری اسکول قائم کیے گئے ہیں، فاطمہ بتول گورنمنٹ پرائمری اسکول اور فاطمہ بتول گورنمنٹ سیکنڈری اسکول کو فاطمہ بتول لوئر سیکنڈری اسکول کا نام دے دیا گیا ہے۔
اسکول انتظامیہ کے مطابق مرمتی کام نا ہونے کے باعث سرکاری اسکول شدید زبوں حالی کا شکار ہے اور اسکول میں صرف 80 طالبعلم زیر تعلیم ہیں۔
اسکول پرنسپل کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ 300 گز کے پلاٹ پر دو اسکول قائم کیے گئے ہیں، چندہ جمع کر کے اسکول کے اخراجات چلائے جاتے ہیں۔
اسکول پرنسپل کا مزید بتانا ہے کہ متعدد بار ریفارمز سپورٹ یونٹ کے حکام اسکول کا دورہ کر چکے ہیں لیکن محکمہ تعلیم سندھ کی جانب سے اسکول کی مرمت نہیں کی جاتی جس کی وجہ سے ناصرف بچوں کی تعلیم بری طرح متاثر ہو رہی ہے بلکہ اساتذہ بھی خوف کا شکار ہیں۔