24 اگست ، 2022
محکمہ موسمیات نے ملک میں بارشوں کے حوالے سے نئی ایڈوائزری جاری کی ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ہوا کا شدید کم دباؤ بھارتی ریاست راجستھا ن پر موجود ہے جو اگلے 12 گھنٹوں کے دوران مغرب/شمال مغرب کی جانب بڑھے گا۔
محکمہ موسمیات کا مزید کہنا ہے کہ مون سون ہوائیں شدت کے ساتھ پاکستان کے جنوبی اور بالائی علاقوں میں داخل ہوں گی۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ 24 اور 25 اگست کے دوران موسلادھار بارش کے باعث کراچی، حیدر آباد، ٹنڈو جام، ٹھٹہ، بدین، میرپور خاص، سانگھڑ، خیرپور، شہید بینظیر آباد، دادو، نوشہرو فیروز، لاڑکانہ، جیکب آباد اور سکھر میں نشیبی علاقے زیر آب آنے کا اندیشہ ہے۔
اس کے علاوہ 24سے 26اگست کے دوران قلعہ سیف اللہ ،کوئٹہ، زیارت، ہرنائی، پشین، لورالائی، بارکھان،کوہلو، ڈیرہ بگٹی، جھل مگسی، موسیٰ خیل، ژوب، شیرانی، سبی، نصیر آباد، بولان، آواران، قلات، خضدار، لسبیلہ اور ڈیرہ غازی خان کے برساتی اور مقامی ندی نالوں میں طغیانی کا خطرہ ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق 24 اور 25اگست کے دوران موسلادھار بارش کے باعث راولپنڈی/ اسلام آباد، بہاولپور، ملتان، لاہور اور گوجرانوالہ میں نشیبی علاقے زیر آب آنے کا خطرہ ہے۔
اس کے علاوہ 24سے 26اگست کے دوران موسلا دھار بارش کے باعث راولپنڈی/ اسلام آباد ، ایبٹ آباد، مانسہرہ، دیر ،کرک، بنوں، لکی مروت اورکشمیر کے مقامی ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔ اس دوران کشمیر، خیبرپختونخوا کے پہاڑی علاقوں،گلیات ، مری ،چلاس، دیامیر، گلگت، ہنزہ، استور اور اسکردو میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ بھی موجود ہے۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ مسافر اور سیاح موسمی حالات کو مدنظر رکھ کر سفر کریں اور سفر کے دوران محتاط رہیں ۔