30 اگست ، 2022
پاکستان ہاکی کے لیجنڈری کھلاڑی منظورجونیئر کو لاہور کے مقامی قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا۔
اولمپیئن منظور جونیئر کی نماز جنازہ لاہور کے علاقے سنگھ پورہ میں ادا کی گئی،نمازجنازہ میں پی ایچ ایف کے صدر خالد سجاد کھوکھر،سیکرٹری حسنین حیدر،سابق سیکرٹری آصف باجوہ،سابق اولمپیئنز اختررسول،خواجہ جنید،طاہرزمان،خالدبشیر اور پی ایف یو جے کے سیکرٹری جنرل ارشد انصاری سمیت شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
سابق اولمپیئنز نے منظور جونیئر کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہاکی کے لیے ان کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔
ہاکی لیجنڈ اولمپیئن منظور حسین جونیئر دل کے دورے کے باعث لاہور کے مقامی اسپتال میں زیر علاج تھے جہاں وہ گزشتہ روز جانبر نہ ہوسکے۔
اولمپیئن منظور حسین جونیئر پاکستان ہاکی کا سرمایہ تھے، انہوں نے قومی ٹیم کی نمائندگی کرتے ہوئے 1984 کے لاس اینجلس اولمپکس میں گول میڈل کا اعزاز حاصل کیا۔
منظور جونیئر 1978 اور 1982 کی ونر قومی ہاکی ٹیم کا بھی حصہ رہے، انہیں 1982 کے ورلڈ کپ فائنل کے ہیرو کے طور پر دنیائے ہاکی آج بھی پہچانتی ہے جہاں انہوں نے6 جرمن ڈیفنڈر کو ڈاج کرکے گول اسکور کرکے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔