01 ستمبر ، 2022
وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ متحدہ عرب امارات سیلاب زدگان کی مدد کے لیے پاکستان کو 5 کروڑ ڈالر مالیت کا سامان فراہم کرے گا۔
شہباز شریف کا کہنا ہے کہ گزشتہ رات میری یو اے ای کے صدر محمد بن زاید سے ٹیلفونک گفتگو ہوئی، متحدہ عرب امارات نے سیلاب زدگان کے لیے امدادی سامان کی فراہمی شروع کر دی ہے اور یو اے ای کے صدر نے سیلاب متاثرین کی امداد جاری رکھنے کا یقین دلایا ہے، یو اے ای سیلاب زدگان کے لیے 5کروڑ ڈالر مالیت کا سامان عطیہ کرے گا۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ صدر شیخ محمد بن زاید کی دعوت پر مجھے 3 ستمبر کو عرب امارات کا دورہ کرنا تھا لیکن ہم نے باہمی طور پر یو اے ای کا دورہ ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا ہے، دورہ یو اے ای ملتوی اس لیےکیا تاکہ ریسکیو، ریلیف سرگرمیوں پر توجہ دے سکوں۔
شہباز شریف کا کہنا تھا مشکل وقت میں ساتھ کھڑے رہنے پر ہم ہمیشہ اپنے بہن بھائیوں کے شکر گزار رہیں گے۔