08 ستمبر ، 2022
پاکستان کرکٹ ٹیم ایشیا کپ کے سپر فور مرحلے کا آخری میچ کل سری لنکا کے خلاف کھیلے گی جس میں قومی ٹیم میں دو تبدیلیوں کا امکان ہے۔
ذرائع کے مطابق پاکستان کرکٹ ٹیم آج مکمل آرام کرے گی اور قومی ٹیم کا آج ٹریننگ سیشن شیڈول نہیں ہے۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ سری لنکا کے خلاف سپر فور کے میچ کے لیے لیگ اسپنر عثمان قادر اور فاسٹ بولر حسن علی کے پلیئنگ الیون کا حصہ بننے کا امکان ہے جبکہ آل راؤنڈر شاداب خان اور فاسٹ بولر محمد حسنین کو آرام دیا جا سکتا ہے۔
یاد رہے کہ پاکستان اور سری لنکا کی ٹیموں کے درمیان ایشیا کپ سپر فور مرحلے کا آخری میچ کل دبئی میں کھیلا جائے گا۔
پاکستان اور سری لنکا کی ٹیمیں پہلے ہی ایشیا کپ کے فائنل کے لیے کوالیفائی کر چکی ہیں، ایشیا کپ کا فائنل اتوار کو دبئی میں کھیلا جائے گا۔