17 ستمبر ، 2022
پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین رمیز حسن راجا نے گزشتہ روز دنیا بھر کے شائقین کرکٹ کے لائیو کال میں پوچھے جانے والے سوالات کے جواب دیے۔
پاکستان سمیت بھارت سے بھی کئی فون کالز آئیں جنہوں نے چیئرمین پی سی بی سے سوالات کیے اور کرکٹ کے لیے ان کی کاوشوں کو سراہا لیکن ان فون کالز میں ایک چیز خاص تھی اور وہ یہ کہ تقریباً 5 سے 6 افراد نے ایک ہی مڈل آرڈر کو ورلڈ کپ ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ کا حصہ بنانے سے متعلق سوال کیا۔
جب سے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے اسکواڈ کا اعلان ہوا ہے تب سے ہی ٹوئٹر پر صارفین سمیت نامور سابق کرکٹرز بھی اسکواڈ کی سلیکشن پر تنقید کر رہے ہیں۔
بہت سے صارفین کا یہ بھی کہنا ہے کہ مڈل آرڈر میں کوئی بھی تجربہ کار بیٹر نہیں اور اسی لیے ٹیم میں شعیب ملک یا سرفراز احمد کو جگہ دینی چاہیے تھی۔
تاہم اب رمیز راجا کو کال کرنے والے متعدد شائقین کرکٹ نے براہ راست وکٹ کیپر بیٹر سرفراز احمد کو سلیکٹ نہ کرنے پر تشویش کا اظہار کیا۔
رمیز راجا نے سوالات کے جواب میں کہا 'کھلاڑیوں کا انتخاب سلیکشن کمیٹی کرتی ہے اور میں ان معاملات سے دور رہتا ہوں، میرے خیال سے اب وقت ہے کہ نئے ٹیلنٹ کو آزمایا جائے اور انہیں مواقع فراہم کیے جائیں'۔
ایک مداح نے چیئرمین پی سی بی سے وکٹ کیپر بیٹر محمد حارث کو سرفراز پر ترجیح دینے سے متعلق بھی پوچھا جس پر رمیز راجا نے کہا 'پاکستان کے لیے خدمات کے باعث سرفراز احمد کو ڈراپ کرنا مشکل ہے لیکن ہم مستقبل کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں، میں جانتا ہوں کہ محمد حارث میں ٹیلنٹ ہے اور وہ پرفارم کریں گے'۔