28 ستمبر ، 2022
پہلی مرتبہ ہونے والی پاکستان جونیئر لیگ کے مقابلے چھ اکتوبر سے قذافی اسٹیڈیم لاہور میں شروع ہوں گے ۔
راولپنڈی ریڈرز اور حیدر آباد ہنٹرز کے کپتان ویسٹ انڈیز کے سابق کپتان ڈیرن سیمی اور نیوزی لینڈ کے جارح مزاج بیٹر کولن منرو کے ساتھ کام کرنے کے منتظر ہیں۔
راولپنڈی ریڈرز کے کپتان حبیب اللہ کا کہنا ہے کہ پی جے ایل کے اعلان کا سننا ہی سب سے بڑی خوشی تھی، ڈرافٹ والے دن کو کبھی نہیں بھلا سکتا، اس سطح پر پہلی مرتبہ لیگ ہو رہی ہے اس لیے پی جے ایل میں ٹیم کی قیادت کرنا اعزاز کی بات ہے۔
حبیب اللہ نے کہا کہ کولن منرو ٹیم کے مینٹور ہیں، ان سے بہت متاثر ہوں،منرو کا ایک الگ سا اعتماد ہے ان سے بہت کچھ سیکھوں گا۔
حیدر آباد ہنٹرز کے کپتان مرزا سعد بیگ کا کہنا ہے کہ دو مرتبہ کے ورلڈ چیمپئن کپتان ڈیرن سیمی کے ساتھ کام کرنا اعزاز ہو گا، ان سے سیکھنے کا فائدہ ہوگا، منتظر ہوں کہ لیگ شروع ہو اور ہم عظیم کھلاڑیوں کے ساتھ کام کریں اور ڈریسنگ روم شئیر کریں۔
انہوں نے کہا کہ میرے والد کرکٹ کھیلا کرتے تھے، انہیں دیکھتے ہوئے کرکٹ شروع کی اور ڈرافٹنگ پوری فیملی نے لائیو دیکھی اور مجھے مبارکباد دی۔