04 اکتوبر ، 2022
قومی ٹیم کے چیف سلیکٹر محمد وسیم کا کہنا ہے کہ ورلڈکپ کے لیے جو ٹیم منتخب کی اس سے اچھے نتائج لیے جا سکتے ہیں۔
چیف سلیکٹر محمد وسیم نے جیو سوپر کو دیے گئے انٹرویو میں بتایا کہ فائنل حکمت عملی ہیڈ کوچ اور کپتان بناتے ہیں۔
محمد وسیم نے کہا کہ آصف علی، افتخار احمد اور خوشدل شاہ نیچے اچھی ہٹنگ کرتے رہے ہیں لیکن بیٹنگ میں تسلسل لانے کی ضرورت ہے۔
چیف سلیکٹر کا کہنا تھا کہ انہیں ایسا لگتا ہے کہ مڈل میں بیٹرز وکٹ کو زیادہ ویلیو دیتے ہیں جس کی وجہ سے مسئلے آرہے ہیں۔
شرجیل اور اعظم خان کو ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ اسکواڈ میں شامل نہ کیے جانے کے سوال پر محمد وسیم نے کہا کہ ان کھلاڑیوں کی فٹنس پر گزشتہ 2 سال سے بات چل رہی ہے لیکن ان کو فٹنس کے حوالے سے بات سمجھ نہیں آرہی۔
چیف سلیکٹر نے مزید کہا کہ بطور سلیکٹر مجھے شرجیل، صہیب مقصود اور اعظم خان سمیت کئی کھلاڑیوں کی صلاحیتوں پر کبھی شک نہیں رہا لیکن بات آئے فٹنس پر تو اس میں ایک طریقہ کار طے ہے اگر اس کو فولو نہ کیا تو یہ پوری ٹیم کو ڈسٹرب کرسکتا ہے۔
ان کا کہنا تھاکہ اگر ٹیم مینجمنٹ کی جانب سے مجھے فٹنس اور فیلڈنگ کے لیے اوکے کا سائن دے دیا جائے تو مجھے ان کھلاڑیوں کو شامل کرنے میں کوئی حرج نہیں۔