پاکستان
Time 06 اکتوبر ، 2022

لاہور ہائیکورٹ: انٹرن شپ پروگرام پر ٹیچرکو زچگی کی چھٹیاں دینے سے انکار غیر قانونی قرار

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

لاہور ہائی کورٹ نے انٹرن شپ پروگرام پر اسکول ٹیچرکو  زچگی کی چھٹیاں دینے سے انکار کو غیر قانونی قرار دے دیا۔

جسٹس طارق سلیم شیخ نے جونیئر اسکول ٹیچر سبین اصغر کی درخواست پر فیصلہ دیا جسے انٹرن شپ پالیسی 2014  میں زچگی کی چھٹیاں نہ ہونے پر چھٹیاں دینے سے انکار کیا گیا تھا ۔

عدالت نے درخواست گزار سبین کو تنخواہ کے ساتھ زچگی کی چھٹیاں دینے کی ہدایت کردی۔

عدالت نے فیصلے میں تحریر کیا کہ عورت کو حمل کے آخری ایام اور بچے کی پیدائش کے فوری بعد کام پر مجبور کرنا آرٹیکل 11 کی خلاف ورزی ہے۔

 جسٹس طارق سلیم شیخ نے فیصلے میں کہا کہ کام کرنے والی خواتین کی محفوظ زچگی کے لیے چھٹیاں ضروری ہیں، جس طرح محفوظ ماں بننا عورت کا بنیادی حق ہے، ایسے ہی چھٹیاں بھی بنیادی حق ہے۔

عدالت نے فیصلے میں لکھا کہ جب ماں بچہ پیدا کرتے ہوئے زندگی کو خطرے میں ڈالتی ہے تو اسے اپنی زندگی اور صحت کے تحفظ کا بھی حق ہے، محفوظ ماں آنے والی صحت مند نسل کے لیے بہت ضروری ہے۔

جسٹس طارق سلیم شیخ نے قرار دیا کہ جنس کی بنیاد پر تفریق تب ہوتی ہے جب خواتین کی صحت جیسے زچگی کے دوران دیکھ بھال نظر انداز ہو جائے۔

مزید خبریں :