Time 15 اکتوبر ، 2022
کھیل

ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ، کون سے پاکستانی کھلاڑی ریکارڈز بنا سکتے ہیں؟

ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کا میلہ کل سے آسٹریلیا میں سجنے جا رہا ہے۔ فوٹو آئی سی سی
ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کا میلہ کل سے آسٹریلیا میں سجنے جا رہا ہے۔ فوٹو آئی سی سی

کہتے ہیں کہ ریکارڈز بنتے ہی ٹوٹنے کے لیے ہیں اور کل سے آسٹریلیا میں شروع ہونے والے آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں بھی بہت سے ریکارڈز خطرے کی زد میں ہیں۔

ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں کل افتتاحی میچ سری لنکا اور نمیبیا کے درمیان کھیلا جائے گا جبکہ پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں 23 اکتوبر کو مدمقابل ہوں گی۔

آئی سی سی کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق حالیہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں 10 ریکارڈز ایسے ہیں جو کہ خطرے کی زد میں ہیں۔

بھارتی ٹیم کے کپتان روہت شرما، بنگلادیشی کپتان شکیب الحسن، آسٹریلیا کے ڈیوڈ وارنر اور انگلینڈ کے کپتان جوز بٹلر ایسے کھلاڑی ہیں جو ریکارڈز توڑ سکتے ہیں۔

سب سے زیادہ رنز

ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ، کون سے پاکستانی کھلاڑی ریکارڈز بنا سکتے ہیں؟

ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں سب سے زیادہ رنز کا ریکارڈ سری لنکا کے مہیلا جے وردھنے کے پاس ہے اور وہ واحد کھلاڑی ہیں جنہوں نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں 1000 سے زائد رنز اسکور کر رکھے ہیں۔

تاہم سابق سری لنکن کپتان مہیلا جے وردھنے کا ریکارڈ بھارت کے روہت شرما اور ویرات کوہلی کے ہاتھوں ٹوٹنے کے خطرے سے دوچار ہے جبکہ آسٹریلیا کے ڈیوڈ وارنر بھی اس فہرست میں کچھ ہی فاصلے پر ہیں۔

سب سے زیادہ سنچریاں

ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ، کون سے پاکستانی کھلاڑی ریکارڈز بنا سکتے ہیں؟

ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے میچز میں 8 بیٹرز سنچریاں اسکور کر چکے ہیں اور ویسٹ انڈیز کے گرس گیل واحد کھلاڑی ہیں جنہوں نے یہ کارنامہ دو مرتبہ انجام دیا ہے تاہم اب وہ انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائر ہو چکے ہیں۔

انگلش کپتان جوز بٹلر نے گزشتہ برس ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں سنچری اسکور کی تھی جبکہ انگلینڈ ہی کے ایلکس ہیلز نے 2014 کے ورلڈکپ میں سنچری اسکور کی تھی، دونوں انگلش بلے بار ورلڈکپ کھیل رہے ہیں اور دونوں کے پاس گرس گیل کا ریکارڈ توڑنے کا بہترین موقع ہے۔

50 یا اس سے زائد رنز

ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ، کون سے پاکستانی کھلاڑی ریکارڈز بنا سکتے ہیں؟

ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں بیٹرز کے لیے سنچری اسکور کرنا ایک مشکل کام ہے اس لیے ہمیں مختصر فارمیٹ کی اس کرکٹ میں بیٹرز کی جانب سے 50 یا اس سے زائد رنز دیکھنے کو ملتے ہیں۔

اس وقت ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں سب سے زیادہ ففٹیز اور اس سے زائد رنز بنانے کا اعزاز بھارت کے ویرات کوہلی کے پاس ہے، کوہلی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپس کے 21 میچز میں 10 ففٹی پلس اسکور کر چکے ہیں اور اس دوران وہ 11 مرتبہ ناٹ آؤٹ بھی رہے ہیں۔

ویرات کوہلی کے بعد دوسرا نمبر بھارتی کپتان روہت شرما کا ہے جنہوں نے 33 میچز میں 8 ففٹی پلس اسکور کیے ہیں اور وہ کوہلی سے یہ ریکارڈ چھین کر اپنے نام کر سکتے ہیں۔

ایک ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں سب سے زیادہ رنز

ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ، کون سے پاکستانی کھلاڑی ریکارڈز بنا سکتے ہیں؟

کسی بھی ایک ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں سب سے زیادہ رنز کا اعزاز بھی بھارت کے ویرات کوہلی کے پاس ہے، کوہلی واحد بیٹر ہیں جو ایک ٹورنامنٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑیوں کی فہرست میں دو مرتبہ شامل رہے۔

تاہم اس ٹورنامنٹ میں کئی ایسے کھلاڑی ہیں جو ویرات کوہلی کو اس ریکارڈ سے محروم کر سکتے ہیں، اگر ٹی ٹوئنٹی بیٹرز کی حالیہ پرفارمنسز پر نظر ڈالی جائے تو پاکستان کے محمد رضوان اور بابر اعظم کے علاوہ بھارت کے سوریا کمار یادیو کوہلی سے ایک ٹورنامنٹ میں سب سے رنز کا ریکارڈ چھین سکتے ہیں۔

سب سے زیادہ وکٹیں

ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ، کون سے پاکستانی کھلاڑی ریکارڈز بنا سکتے ہیں؟

ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپس کے میچز میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے کا اعزاز بنگلادیش کے شکیب الحسن کے پاس ہے جو اب تک 31 میچز میں 41 وکٹیں حاصل کر چکے ہیں اور اس بار بنگلا دیشی ٹیم کی قیادت بھی کر رہے ہیں۔

موجودہ ورلڈکپ کھیلنے والے کھلاڑیوں میں بھارت کے روی چندرن ایشون 26 وکٹوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں جبکہ مچل اسٹارک 24 اور نیوزی لینڈ کے ٹم ساؤتھی 22 وکٹوں کے ساتھ ایسے بولرز ہیں جو شکیب کے لیے خطرے کی گھنٹی بجا سکتے ہیں تاہم شکیب تک پہنچنے کے لیے ان بولرز کو غیر معمولی کارکردگی دکھانا پڑے گی۔

ایک ورلڈکپ میں سب سے زیادہ وکٹیں

ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ، کون سے پاکستانی کھلاڑی ریکارڈز بنا سکتے ہیں؟

6 بولرز ایسے ہیں جو کسی بھی ایک ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں 13 یا اس سے زائد وکٹیں حاصل کر چکے ہیں اور پاکستان کے عمر گل کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ انہوں نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے پہلے دو ایڈیشن میں یہ کارنامہ انجام دیا تھا۔

سری لنکا کے ونندو ہسارنگا نے گزشتہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں 16 وکٹیں حاصل کر کے سب کو پیچھے چھوڑ دیا تھا تاہم ان فام راشد خان، شاداب خان اور مجیب الرحمان اس بار کچھ نیا کر سکتے ہیں۔

سب سے زیادہ کیچز

ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ، کون سے پاکستانی کھلاڑی ریکارڈز بنا سکتے ہیں؟

جنوبی افریقا کے سابق کپتان اور وکٹ کیپر اے بی ڈویلیئرز چاہے وکٹوں کے پیچھے ہوں یا کسی اور جگہ پر فیلڈنگ کر رہے ہوں اپنی پھرتی کی وجہ سے مشہور ہیں اور ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپس میں 23 کیچز کے ساتھ سب سے آگے ہیں تاہم اب وہ ریٹائر ہو چکے ہیں۔

نیوزی لینڈ کے مارٹن گپٹل 19 اور آسٹریلیا کے ڈیوڈ وارنر 18 کیچز کے ساتھ ڈویلیئرز سے کچھ ہی فاصلے پر ہیں جبکہ روہت شرما 15 اور اسٹیون اسمتھ 13 کیچز دبوچ چکے ہیں۔

وکٹوں کے پیچھے سب سے زیادہ شکار

ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ، کون سے پاکستانی کھلاڑی ریکارڈز بنا سکتے ہیں؟

وکٹوں کے پیچھے سب سے زیادہ شکار (کیچز اور اسٹمپس) کرنے کا اعزاز بھارت کے سابق کپتان مہندرا سنگھ دھونی کے پاس ہے، 33 میچز میں دھونی کے شکار کی تعداد 32 ہے۔

تاہم جنوبی افریقا کے کوئنٹن ڈی کوک اور آسٹریلیا کے میتھیو ویڈ اگر چاہیں تو دھونی کے ریکارڈ تک پہنچ سکتے ہیں۔

یہ وہ چند ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپس کے ریکارڈ ہیں جو ٹوٹ سکتے ہیں یا پھر انہیں وہی کھلاڑی دوبارہ بہتر کارکردگی کے ساتھ اپنے نام کے ساتھ جوڑ سکتے ہیں جن کے پاس ابھی یہ ریکارڈ موجود ہیں۔

کون سے پاکستانی کھلاڑی ریکارڈ بنا سکتے ہیں؟

ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ، کون سے پاکستانی کھلاڑی ریکارڈز بنا سکتے ہیں؟

آسٹریلیا میں ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں پاکستانی شائقین کی نظریں محمد رضوان، بابر اعظم، شاہین شاہ آفریدی، حارث رؤف، محمد نواز اور شاداب خان پر ہوں گی۔

ایک سینئر اسپورٹس جرنلسٹ نے اس حوالے سے جیو ویب کو بتایا کہ اِس سال پاکستان کی کارکردگی بہت اچھی رہی ہے، انفرادی سطح پر دیکھیں تو کچھ کھلاڑی بہت نمایاں ہیں۔ محمد رضوان کو دیکھیں، وہ اس سال سب سے زیادہ ٹی ٹوئنٹی رنز بنانے والے بیٹر ہیں، وہ بھی 9 نصف سنچریوں اور 54 سے زیادہ کے ایوریج کے ساتھ۔ پچھلے 10 میچز میں رضوان کی پانچ اننگز ایسی ہیں جو 63 رنز سے زیادہ کی ہیں۔ اس لیے رضوان سے سب سے زیادہ امید ہے کہ وہ کوئی بڑا کارنامہ دکھائیں گے۔ ہو سکتا ہے کہ ویرات کوہلی کا ایک ٹورنامنٹ میں سب سے زیادہ 319 رنز کا ریکارڈ ہی توڑ دیں۔

ان کا کہنا تھا کپتان بابر اعظم کچھ عرصہ آؤٹ آف فارم رہے لیکن اب وہ ردھم پکڑ چکے ہیں انہوں نے ابھی نیوزی لینڈ میں دو نصف سنچریاں بنائی ہیں، اس سے پہلے انگلینڈ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز میں ایک سنچری بھی بنا چکے ہیں۔ بابر نے تو پچھلے سال ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ رنز  بھی بنائے تھے۔

سینئر صحافی کا مزید کہنا تھا کہ بولرز میں حارث رؤف سب سے نمایاں ہیں اور اِس سال 23 وکٹیں لے چکے ہیں اور سب سے اہم بات یہ کہ آسٹریلیا میں کھیلنے کا بڑا تجربہ رکھتے ہیں اور بگ بیش میں انہوں نے زبردست کارکردگی پیش کی ہے اس لیے حارث سے تو امیدیں بہت زیادہ ہیں۔ اگر چل گئے تو ہو سکتا ہے ونندو ہسارنگا کا ٹورنامنٹ میں سب سے زیادہ 16 وکٹوں کا ریکارڈ توڑ ڈالیں۔

یہ بات تو طے ہے کہ اگر یہ تینوں کھلاڑی چلے تو پاکستان فیورٹ نہیں ہاٹ فیورٹ بن جائے گا۔

ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں پاکستان کا سرپرائز پیکج کون ہے؟

سینئر اسپورٹس جرنلسٹ عبدالماجد بھٹی کا ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں پاکستانی کھلاڑیوں کی پرفارمنس سے متعلق کہنا ہے کہ بیٹنگ میں بلا شبہ بابر اعظم اور محمد رضوان ایسے کھلاڑی ہیں جو آئی سی سی کی رینکنگ میں بھی اوپر ہیں اور مسلسل پرفارم بھی کر رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں پاکستانی ٹیم بیٹنگ کے شعبے میں ان دونوں بیٹرز پر ہی انحصار کر رہی ہو گی اور اگر یہ دونوں بیٹرز آسٹریلیا میں پاکستان کے لیے ریکارڑز قائم کر سکتے ہیں۔

عبدالماجد بھٹی کا کہنا تھا اگر بولنگ کی بات کی جائے تو پاکستان کی فاسٹ بولنگ تو بلا شبہ بہترین پیس اٹیک پر مشتمل ہے لیکن شاہین شاہ آفریدی چونکہ ابھی انجری کے بعد واپس ٹیم میں آئے ہیں اس لیے شاید فوری طور پر ماضی کی طرح فارم میں نظر نہ آ سکیں تاہم نسیم شاہ اور حارث رؤف بہترین بولنگ کر رہے ہیں اور حارث رؤف کا تو اس وقت کوئی جواب ہی نہیں ہے۔

اگر اسپن بولنگ کی بات کی جائے تو ہم نے ماضی میں دیکھا ہے کہ شاداب خان جیسے لیگ اسپنرز آسٹریلیا میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے رہے ہیں اس لیے ہمیں شاداب سے بھی بڑی امیدیں ہیں۔

لیکن اس ورلڈکپ میں پاکستان کے پاس ایک سرپرائز پیکج بھی ہے جس کے بارے میں بہت کم لوگ بات کر رہے ہیں اور وہ ہے محمد نواز، جس کی پرفارمنس میں بتدریج بہتری نظر آ رہی ہے، نواز بولنگ کے ساتھ ساتھ بیٹنگ میں بھی چمک رہا ہے اور امید ہے کہ وہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں پاکستان کے لیے اچھا پرفارم کرے گا۔

مزید خبریں :