16 اکتوبر ، 2022
پاکستانی گلوکار سجاد علی نے ملک میں ہونے والی بدترین لوڈشیڈنگ پر گانا بنایا ہے جسے سوشل میڈیا پر خوب پذیرائی حاصل ہو رہی ہے۔
کراچی، لاہور اور راولپنڈی سمیت ملک کے کئی شہروں میں لوگ شدید لوڈ شیڈنگ سے شہری بے حد پریشان ہیں، ایسے میں سجاد علی نے اپنے ٹیلنٹ کو استعمال کرتے ہوئے شاندار دُھن پر موسیقی کا بہترین استعمال کیا۔
گلوکار کا تخلیق کردہ گانا یوں تو چند بول پر منحصر ہے لیکن میوزک کے ساتھ یہ مداحوں کو کافی پسند آرہا ہے۔
سجاد علی کے گانے کے بول پنجابی میں کچھ یوں ہیں، 'لائٹ آندی اے، لائٹ جاندی اے، لائٹ آندی اے تے کدی لائٹ جاندی اے'۔
گلوکار کے ہمراہ ویڈیو میں گٹار بجاتے موسیقار احسن پرویز مہدی کو بھی دیکھا گیا، اس کے علاوہ ان کے ہمراہ گانے میں گلوکار نعمان جاوید اور خوبی علی بھی شامل ہیں۔
سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے گانا کافی پسند کیا جا رہا ہے اور اس پر سجاد علی اور ان کے دوستوں کو سراہا بھی جا رہا ہے۔