19 اکتوبر ، 2022
سندھ پولیس کے انسداد دہشت گردی کے شعبہ کو بین الاقوامی طرز پر اپ گریڈ کرنے کے لیے 3 ارب روپے کے منصوبے پر کام شروع کر دیا گیا۔
انسپکٹر جنرل پولیس سندھ علام نبی میمن نے جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ کاؤنٹر ٹیررازم ڈپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) سندھ کو بین الاقوامی اور جدید طرز پر اپ گریڈ کرنے کے لیے حکومت سندھ نے 3 ارب روپے کے فنڈز کی منظوری دیدی ہے، اس اہم منصوبے پر فوری کام شروع کردیا گیا ہے جس کے تحت پہلے مرحلے میں سی ٹی ڈی کے انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبہ کو محفوظ اور بین الاقوامی اداروں کے ہم آہنگ بنانے کے لیے جدید ترین سافٹ ویئر خریدے جا رہے ہیں۔
غلام نبی میمن کے مطابق سی ٹی ڈی سندھ کے لیے ماہر آئی ٹی انجینئرز رکھے جارہے ہیں، اس کے ساتھ سی ٹی ڈی کے افسران کی فول پروف سکیورٹی کے پیش نظر بلٹ پروف گاڑیاں خریدی جا رہی ہیں۔
آئی جی سندھ نے بتایا کہ سی ٹی ڈی کے نہ صرف دفاتر بلکہ ہر عہدے کے افسران و ملازمان کی رہائش گاہوں کو بھی حتی الامکان طور پر دہشت گردی سے محفوظ بنانے کے لیے انتہائی مؤثر اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ کراچی اور اندرون سندھ میں بھی سی ٹی ڈی کے مخصوص کمپلیکس بنائے جا رہے ہیں، سی ٹی ڈی کے پولیس اسٹیشن دیگر دفاتر کے ساتھ ساتھ افسران اور دیگر ملازمان کی رہائش گاہیں بھی اسی کمپلیکس کے اندر ہوںگی۔
غلام نبی میمن نے بتایا کہ اس سلسلے میں بہت حد تک کام ہو چکا ہے اور مزید پیشرفت بھی تیزی سے جاری ہے۔