Time 20 اکتوبر ، 2022
دنیا

کیا کورونا کی وبا کا اختتام ہوگیا؟ عالمی ادارہ صحت کا مؤقف سامنے آگیا

دنیا کے مختلف حصوں میں کووڈ کیسز اور اموات کی تعداد میں نمایاں کمی آئی ہے / رائٹرز فوٹو
دنیا کے مختلف حصوں میں کووڈ کیسز اور اموات کی تعداد میں نمایاں کمی آئی ہے / رائٹرز فوٹو

عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے کہا ہے کہ کووڈ 19 اب بھی عالمی ایمرجنسی ہے۔

یہ بیان اس وقت جاری کیا گیا ہے جب کووڈ 19 کی وبا کو عالمی ہیلتھ ایمرجنسی قرار دیے ڈھائی سال سے زیادہ عرصہ ہوچکا ہے۔

عالمی ادارے کی ایمرجنسی کمیٹی نے 30 جنوری 2020 کو کووڈ 19 کو عالمی ایمرجنسی قرار دیا تھا جس کا مقصد اس حوالے سےتحقیق اور احتیاطی اقدامات کے عمل کو تیز کرنا تھا۔

ڈبلیو ایچ او کی کمیٹی نے اب اپنے بیان میں کہا کہ عوامی تاثر تو یہ ہے کہ دنیا کے کچھ حصوں سے کووڈ کی وبا ختم ہوچکی ہے، مگر یہ اب بھی عوامی صحت کے لیے بڑا خطرہ ہے۔

عالمی ادارہ صحت کے مطابق اگرچہ ہفہ وار بنیادوں پر اموات کی تعداد میں نمایاں کمی آئی ہے مگر اب بھی دیگر امراض کے مقابلے میں شرح اموات کافی زیادہ ہے۔

ڈبلیو ایچ او کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر ٹیڈروس ادھانوم نے بتایا کہ اس وبا نے پہلے بھی ہمیں حیران کیا تھا اور اب بھی ایسا کرسکتی ہے۔

کمیٹی کی جانب سے وبا کے خاتمے کے لیے 5 شعبوں پر زیادہ کام کرنے پر زور دیا گیا۔

ڈبلیو ایچ او نے کہا کہ کورونا وائرس کی اقسام کی ٹریکنگ، صلاحیت میں اضافہ، ویکسینیشن، کم قیمت علاج تک رسائی اور وبا کے حوالے سے ٹھوس تیاری جیسے شعبوں پر کام کرنے کی ضرورت ہے۔

یہ بیان اس وقت سامنے آیا ہے جب ستمبر میں ڈاکٹر ٹیڈروس ادھانوم نے ایک بیان میں کہا تھا کہ کووڈ کی وبا کا اختتام قریب نظر آرہا ہے۔

اس وقت انہوں نے کہا تھا کہ اس سے پہلے کبھی کووڈ کی وبا کے اختتام کے حوالے سے ہماری پوزیشن اتنی اچھی نہیں تھی، ابھی ہم اختتام تک تو نہیں پہنچے مگر اس کا امکان نظر آرہا ہے۔

ڈاکٹر ٹیڈروس ادھانوم نے کہا کہ اگر ہم نے اس موقع سے فائدہ نہیں اٹھایا تو ہمیں وائرس کی مزید اقسام، مز ید اموات اور مزید غیریقینی صورتحال کے خطرے کا سامنا ہوسکتا ہے، تو ہمیں اس موقع سے فائدہ اٹھانا ہی ہوگا۔

مزید خبریں :